حکومت پنجاب توانائی بحران کے خاتمے اور مستقبل کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے پاور پراجیکٹس کو تیزرفتاری سے مکمل کر رہی ہے ٬ساہیوال میں 1320میگا واٹ کا کول پاور پلانٹ دنیا کی جدید ترین ماحول دوست اور بہترین کار کردگی پر مشتمل سپر کریٹکل ٹیکنالوجی کے تحت تعمیر کیا جارہا ہے٬چوہدری شیر علی خان

جمعرات 27 اکتوبر 2016 16:05

لاہور۔27 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اکتوبر2016ء) صوبائی وزیر معدنیات و کان کنی چوہدری شیر علی خان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب توانائی بحران کے خاتمے اور مستقبل کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے متبادل ذرائع پر مشتمل پاور پراجیکٹس کو تیزرفتاری سے مکمل کر رہی ہے ۔کوئلے سے چلنے والا 1320میگا واٹ کا ساہیوال کول پاور پلانٹ دنیا کی جدید ترین ماحول دوست اور بہترین کار کردگی پر مشتمل سپر کریٹکل ٹیکنالوجی کے تحت تعمیر کیا جارہا ہے ۔

انہوں نے یہ بات یہاں توانائی کے شعبے کے ماہرین کے ایک وفد سے ملا قات کے دوران کیا۔ چوہدری شیر علی خان نے کہا کہ چین میں 80فیصد ٬ بھارت میں 68فیصد ٬جرمنی میں 50جبکہ امریکہ میں 40فیصد سے زائد بجلی کوئلے سے پیدا کی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان میں ماحول دوست ایندھن پر مشتمل کم لاگت توانائی منصوبوں کی حوصلہ افزائی کی جائے ۔ حکومت پنجاب وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی قیادت میں انہی ضروریات کو مد نظر رکھ کر ٹھوس اقدامات عمل میں لارہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ساہیوال کول پاور پلانٹ کا تمام سٹیل سٹرکچر مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ ٹربائین ٬ کولنگ ٹاور ٬ چمنی اور واٹر ٹریٹمنٹ سنٹر مقررکردہ مدت سے قبل ہی مکمل کر لیے جائیں گے ۔ چوہدری شیر علی خان نے کہا کہ منصوبے کو ماحول دوست بنانے کے لئے پلانٹ کے گردو نواح میں 30ہزار درخت بھی لگائے جا رہے ہیں جبکہ پلانٹ فنکشنل ہو نے پر نکلنے والی راکھ اور دیگر مواد کو استعمال میں لانے کے لیے بھی بہترین منصوبہ بندی کی گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی بھر پور کو ششوں کے نتیجے میں نیپرا سے معاہدے کے تحت چینی کمپنی 8.1سینٹ فی یونٹ میں بجلی فراہم کرے گی جو تیل سے پیدا کی جانے والی بجلی سے نسبتاً سستی ہے ۔ چوہدری شیر علی خان نے کہا کہ منصوبے پر کام کی رفتار کو مد نظر رکھتے ہو ئے امید واثق ہے کہ قومی اہمیت کا یہ منصوبہ اپنے مقرر کردہ وقت سے قبل جون 2017ء میں ریکارڈ مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچ جائے گا ۔