وزیراعظم محمد نواز شریف کی ورکنگ بائونڈری اور لائن آف کنٹرول پر حالیہ بھارتی بلا اشتعال فائرنگ اورسیز فائر خلاف ورزیوں کی پرزور مذمت

خلاف ورزیاں جاری رہیں تو بھرپور جواب دیا جائے گا٬پاکستان نے انتہائی ضبط کا مظاہرہ کیا ہے٬ امن کے لئے ہماری جستجو کا غلط مطلب لے کر اسے کمزوری کی علامت نہ سمجھا جائے٬ وزیراعظم محمد نواز شریف کا بیان

جمعرات 27 اکتوبر 2016 16:01

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اکتوبر2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے بھارتی افواج کی جانب سے ورکنگ بائونڈری اور لائن آف کنٹرول پر حالیہ بلا اشتعال فائرنگ اور سیز فائرکی خلاف ورزیوں کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ جمعرات کو وزیراعظم کے میڈیا آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ وہ چپراڑ اور ہرپال سیکٹرز میں ورکنگ بائونڈری اور بھمبر سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر 25 اور 26 اکتوبر کو بلا اشتعال سیز فائر خلاف ورزیوں کی پرزور مذمت کرتے ہیں جن کے نتیجہ میں دو شہری شہید اور 9 زخمی ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہ خلاف ورزیاں جاری رہیں تو ان کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے انتہائی ضبط کا مظاہرہ کیا ہے٬ امن کے لئے ہماری جستجو کا غلط مطلب لے کر اسے کمزوری کی علامت نہ سمجھا جائے٬ ہم امن پسند قوم ہیں٬ ہم تمام تصفیہ طلب مسائل اور تنازعات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک ذمہ دار خود مختار ریاست کی حیثیت سے ہم جنوبی ایشیاء کے عوام کی اجتماعی بہبود اور خوشحالی کے لئے علاقائی امن اور استحکام کے لئے کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ امر افسوسناک ہے کہ ہمارے اقدامات اور کاوشوں کا بھارت کی جانب سے اسی انداز میں جواب نہیں دیا گیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ بھارت کو حالیہ واقعہ کی تحقیقات کرنی چاہئے اور پاکستان کو نتائج سے آگاہ کیا جائے۔ اسے اپنی افواج کو حقیقی روح کے مطابق سیز فائر کا احترام کرنے کی ہدایت کرنی چاہئے اور دیہات کو دانستہ طور پر نشانہ بنانے سے اجتناب کرتے ہوئے ورکنگ بائونڈری اور ایل او سی پر امن برقرار رکھنا چاہئے۔