اٹک ٬ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے واک

جمعرات 27 اکتوبر 2016 15:59

اٹک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اکتوبر2016ء) ڈی سی او اٹک رانا اکبر حیات کی قیادت میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئی واک کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے ڈی سی او اٹک نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء کو کشمیر پر جابرانہ قبضہ ہوا ٬اس دن سے لے کر آج تک پوری دنیا میں 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منایا جاتا ہے ۔ ڈی سی اوٹک رانا اکبر حیات نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ نے کشمیریوں کو استصوابے رائے کا حق دیا ہے کہ وہ اپنی قسمت کا فیصلہ خود کریں مگر بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے اس فیصلے پر آج تک عمل درآمد نہ ہوسکا ٬ بعد ازاں یوم سیاہ کے حوالے سے ٹی ایم اے اٹک میں تقریب منعقد ہوئی٬ جس کے مہمان خصوصی اے ڈی سی اٹک اکرام الحق تھے ۔

اس موقع پر ٹی ایم او سردار آفتاب احمد٬ نامزد چیئرمین بلدیہ اٹک شیخ ناصر محمود٬صدر انجمن تاجراں راشد الر حمٰن٬دیگر سرکاری حکام ٬ منتخب نمائندوں اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی پوری طاقت لگانے کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبا نہیں سکا٬تحریک آزادی میں جو حالیہ تیزی آئی ہے اس سے نہتے کشمیری عوام اپنی منزل کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں٬انہو ںنے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمدنواز شریف نے اقوام متحدہ میں جس طرح کشمیریوں کا مقدمہ پیش کیا ہے اس سے دنیا میں بہت پذیرائی حاصل ہوئی ہے٬انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور عوام کشمیریوں کی ہر سطح پر اخلاقی اور سفارتی امداد جاری رکھے ہوئے ہے اور پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ہر غم میں برابر شریک ہوتے ہیں۔

نامزد چیئرمین بلدیہ اٹک شیخ ناصر محمود نے کہاکہ یوم سیاہ منانے کا مقصد دنیا کی توجہ بھارتی حکومت اور فوج کے کشمیر پر جابرانہ قبضے ٬ کشمیریوں پر بڑھتے مظالم کی طرف دلانا ہے تاکہ بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے آسکے۔انہو ںنے کہا کہ پاکستانی حکومت نے ہر سطح پر کشمیریوں کی جدو جہد آزادی کی حمایت کی ہے اور یہ کشمیر کی آزادی تک جاری رہے گی ٬انہوں نے کہا کہ پاکستانی اور کشمیری عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور ہر پاکستانی کشمیر کی آواز ہے ٬ اس موقع پر دیگر مقررین نے بھی کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے حوالے سے خطاب کیا۔