دہشتگردی کے خلاف ملک کی سیاسی و عسکری قیادت ایک پیچ پر ہے٬وزیر اعلی گلگت بلتستان

جمعرات 27 اکتوبر 2016 15:59

استور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اکتوبر2016ء) وزیر اعلی گلگت بلتستان حفیظ الرحمٰن نے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات سے ملک کو غیر مستحکم کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں ٬ایسی کارروائیاں قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں ملک کے دفاع اور دہشتگردی کے خلاف پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے٬وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لئے آپس میں اتفاق و اتحاد کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے ٬ دہشتگردی کے خلاف ملک کی سیاسی و عسکری قیادت ایک پیچ پر ہے اور بہت جلد ملک سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا ٬انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان اور پولیس کے جوانوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔