کراچی٬بھتہ نہ دینے پر پولیس کی فائرنگ٬ بس ڈرائیور زخمی

چیف سیکریٹری سندھ کا واقعے کا نوٹس٬ آئی جی سندھ سے فوری رپورٹ طلب کرلی

جمعرات 27 اکتوبر 2016 14:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 اکتوبر2016ء) کراچی میں بھتہ نہ دینے پر پولیس اہلکاروں نے بس پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ڈرائیور زخمی ہوگیا٬ چیف سیکریٹری سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے فوری رپورٹ طلب کرلی۔ کراچی کے علاقے بنارس پل پر پولیس گردی کا واقعہ پیش آیا ہے جہاں بھتہ نہ دینے پر پولیس اہلکاروں نے فائرنگ کرتے ہوئے بس ڈرائیور کو زخمی کردیا جسے طبی امداد کیلئے عباسی شہیدہسپتال منتقل کردیا۔

ڈاکٹرز کے مطابق گولی ڈرائیور کے دائیں پیر پر لگی ہیں بس پر فائرنگ کے نتیجے میں مسافر محفوظ رہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے نائب صدر حاجی تواب عباسی شہیدہسپتال پہنچے جہاں انہوں نے زخمی ڈرائیور کی خیریت دریافت کی بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے نائب صدر نے پولیس پر بھتہ لینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بنارس پل سے گزرنے والی ہر بس سے فی کس پانچ سو روپے یومیہ بھتہ لیا جاتا ہے نہ دینے پر گاڑی بند کرنے کی دھمکی دی جاتی ہے انہوں نے اس موقع پر پولیس اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ڈی ایس پی تھانہ شارع نور جہاں نے اپنا موقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکار سے گولی اتفاقیہ طور پر چلی ہے۔ واقعے میں ملوث چاروں پولیس اہلکاروں کو حراست میں لے لیا ہے ۔چیف سیکریٹری سندھ نے واقعے کو نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے فوری رپورٹ طلب کرلی ۔

متعلقہ عنوان :