سفارت کارسے بدسلوکی ویانا کنونش کی کھلی خلاف ورزی ہے٬پاکستانی ہائی کمشنر

پاکستانی سفارت خانے نے سفارتی آداب کے منافی کبھی بھی کوئی اقدام نہیں کیا ٬ عبدالباسط

جمعرات 27 اکتوبر 2016 14:22

نئی دلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 اکتوبر2016ء)بھارت میں متعین پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے سفارتی عملے کے اہلکار پر لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ سفارتی عملے سے بدسلوکی ویانا کنونش کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ بھارت میں متعین ہائی کمشنر عبدالباسط نے پاکستانی سفارتی عملے کے اہلکار سے بدسلوکی پر بھارتی سیکرٹری خارجہ سے احتجاج کیا اور بھارت کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کا کہنا تھا کہ پاکستانی سفارتی عملے کے اہلکار محمود اختر کے ساتھ بھارت کی جانب سے بدسلوکی ویانا کنونش کی کھلی خلاف ورزی ہے٬ پاکستانی سفارت خانے نے سفارتی آداب کے منافی کبھی بھی کوئی قدم نہیں اٹھایا لہذا بھارتی حکومت اس بات کو یقینی بنائے کہ آئندہ ایسے واقعات رونما نہ ہوں۔ واضح رہے کہ نئی دلی پولیس نے پاکستانی ہائی کمیشن کے اہلکار محمود اختر کو فوج کے حساس نقشے رکھنے کے الزام میں حراست میں لیا تاہم بعد میں سفارتی استثنیٰ حاصل ہونے کے باعث اہلکار کو رہا کر دیا گیا اور 48 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا ۔