مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد ہے٬ وزیراعظم

گزشتہ 69 سالوں سے کشمیری عوام پر مظالم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں عالمی برادری نوٹس لے٬ کشمیری عوام پر بھارتی مظالم انتہائی قابل مذمت اور انسانی اقدار کے منافی ہیں٬ نوجوان برہان وانی کے ماورائے عدالت قتل کے تناظر میں بھارتی فوج کے مظالم میں اضافہ ہو گیا ٬ کشمیری عوام کو حق خودارادیت ملنے تک ہم ان کی حمایت جاری رکھیں وزیراعظم نواز شریف کا کشمیر میں بھارت کے خلاف یوم سیاہ کے موقع پر پیغام

جمعرات 27 اکتوبر 2016 14:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 اکتوبر2016ء) وزیر اعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ کشمیری عوام پر بھارتی مظالم انتہائی قابل مذمت اور انسانی اقدار کے منافی ہیں٬ نوجوان برہان وانی کے ماورائے عدالت قتل کے تناظر میں بھارتی فوج کے مظالم میں اضافہ ہو گیا ہے٬ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا جاری سلسلہ کوئی نئی بات نہیں ٬ یہ گزشتہ اڑسٹھ سال سے مقبوضہ وادی میں ریاستی مظالم ٬ قتل وغارت اور نسل کشی کی ایک واضح جھلک ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے یوم سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وقت آ گیا ہے کہ بھارت نوشتہ دیوار پڑھ لے اور دیرینہ تنازعہ جموں وکشمیر کے خوش اسلوبی سے تصفیے کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی زیرالتواء قراردادوں پر عملدرآمد کرے۔

(جاری ہے)

کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے نواز شریف نے جموں وکشمیر کے عوام کے منصفانہ نصب العین کے لئے پاکستان کی غیرمتزلزل اخلاقی ٬ سفارتی اور سیاسی حمایت کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو حق خودارادیت ملنے تک ہم ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی جاری ہے٬ اس مسئلے کا پرامن اور پائیدار حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد ہے۔ 27 اکتوبر مقبوضہ کشمیر میں انسانی تاریخ کا سیاہ باب رقم کیا گیا اور 1947 میں بھارتی فوج نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وادی میں اپنی فوج اتار دی ۔

گزشتہ 69 سالوں سے کشمیری عوام پر مظالم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں اور وادی میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔ نوازشریف کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کو بھارتی مظالم سے نجات دلانے کے لئے ضروری ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کیا جائے کیوں کہ اس مسئلے کا واحد پرامن اور پائیدار حل صرف یہی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ بھارتی قابض فوج کی جانب سے نہتے کشمیریوں کی جانب سے ظلم و ستم قابل مذمت ہے پاکستان ہر سطح پر کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا اور اپنی آوازبلند کرتا رہے گا ۔عالمی برادری کو بھی مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی سنگین انسانی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہیے۔