وفاقی دارالحکومت میں دو ماہ کیلئے دفعہ 144 نافذ ٬جلسے٬ جلوس اور دھرنے پر پابندی عائد

پانچ یا پانچ سے زیادہ افراد کے عوامی مقامات پر جمع ہونے ٬ اسلح کی نمائش٬ لائوڈ سپیکر کے استعمال پر پابندی ہوگی تھرڈ ٬فورتھ ایونیو ٬ اتاترک روڈ اور شاہراہ سہروردی سمیت ریڈزون اور ملحقہ علاقوں میں غیر متعلقہ افراد داخل نہیں ہوسکیں گے٬ نوٹیفکیشن جاری

جمعرات 27 اکتوبر 2016 14:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2016ء) وفاقی دارالحکومت میں دو ماہ کیلئے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے جلسے٬ جلوس اور دھرنے پر پابندی عائد کردی گئی ۔ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق انہیں اطلاعات ملی ہیں کہ کچھ مخصوص لوگ اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرہ کرناچاہتے ہیں٬ مخصوص لوگوں کے اکٹھا ہونے سے اسلام آباد کے امن میں خلل واقع ہوسکتا ہے اور عوام الناس کی زندگیاں خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

نوٹیفکیشن کے مطابق ملک کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر اسلام آباد میں 2 ماہ کیلئے دفعہ 144 ملک نافذ کی گئی ہے جس کے تحت وفاقی دارالحکومت میں اسلحہ کی نمائش٬ لاؤڈ اسپیکر کے استعمال٬ جلسے٬ جلوس اور دھرنے پابندی ہوگی٬ 5 یا اس سے زائد افراد کسی بھی عوامی جگہ پر جمع نہیں ہوسکتے٬ اس کے علاوہ تھرڈ ایونیو٬ فورتھ ایونیو ٬ اتاترک روڈ اور شاہراہ سہروردی سمیت ریڈزون اور اس سے ملحقہ علاقوں میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی ہوگی۔