وزیراعظم کی ورکنگ بائونڈری اور لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال بھارتی فائرنگ ٬ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت

ہرممکن حد تک تحمل کامظاہرہ کیا٬ امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے٬خلاف ورزیاں جاری رہیں تو منہ توڑ جواب دیاجائیگا٬ محمد نواز شریف

جمعرات 27 اکتوبر 2016 14:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2016ء) وزیراعظم محمدنوازشریف نے بھارتی فورسز کی جانب سے گزشتہ کئی ہفتے سے ورکنگ باونڈر ی اور لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ اور جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی ہے جن میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور کئی شہری زخمی ہوئے ہیں۔جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے بھارتی فورسز کی جانب سے 25اور26اکتوبرکو ورکنگ باونڈر ی کے چپراڑ اورہرپال سیکٹر جبکہ لائن آف کنٹرول کے بھمبر سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ اورجنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی شدید مذمت کی ہے۔

بھمبر سیکٹر میں بھارتی فائرنگ سے 2شہری شہید جبکہ 9زخمی ہوئے ہیں۔وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے ہرممکن حد تک تحمل کامظاہرہ کیا٬ امن کیلئے ہماری خواہش کو کمزوری تصور نہ کیاجائے۔

(جاری ہے)

اگر یہ خلاف ورزیاں جاری رہیں تو منہ توڑ جواب دیاجائیگا۔ہم امن پسندقوم ہیں اور تمام تنازعات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتے ہیں ٬ انہوں نے کہا کہ ایک ذمہ دار خودمختار ریاست کی حیثیت سے ہم جنوبی ایشیاء کے خطے میں علاقائی امن واستحکام اورمشترکہ ترقی وخوشحالی پریقین رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے ہماری کوششوں کا موثر جواب نہ دینا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو چاہئے کہ وہ حالیہ واقعات کی تحقیقات کرے اوراس کے حقائق پاکستان کوفراہم کرے اور اپنے فوجیوں کو ہدایت کر ے کہ وہ جنگ بندی معاہدے کا اس کی حقیقی روح کے مطابق احترام کریں ٬انہوں نے کہا کہ بھارت سرحد کے قریب واقع دیہات کو دانستہ ہدف بنانے سے گریز کرتے ہوئے ورکنگ باونڈری اور لائن آف کنٹرول پر امن کاقیام یقینی بنائے۔

متعلقہ عنوان :