Live Updates

تحریک انصاف نے 2نومبرکوجڑواں شہروں کومکمل بند کرنے کی حکمت عملی وضع کر لی

مختلف آپشنز کے تحت کارکنوں کو خصوصی اہداف دے دیئے گئی28,اکتوبرکو لال حویلی کے جلسے میں کارکنوںاور عوام کی شمولیت اور جذبات کو سامنے رکھ کر پلاننگ کو حتمی شکل دی جائے گی ٬پنجاب اور خیبر پختونخواہ سمیت ملک کے دیگر اضلاع سے جزوی طور پرکارکنان راولپنڈی اسلام آباد پہنچنا شروع ہو گئے

جمعرات 27 اکتوبر 2016 13:36

تحریک انصاف نے 2نومبرکوجڑواں شہروں کومکمل بند کرنے کی حکمت عملی وضع ..

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اکتوبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف نے 2نومبرکو اسلام آباد میں دھرنے اور جڑواں شہروں کومکمل بند کرنے کی حکمت عملی وضع کر لی ہے اس ضمن میں مختلف آپشنز کے تحت کارکنوں کو خصوصی اہداف دے دیئے گئے ہیں جس کے تحت 2نومبرکو جڑواں شہروں کو مکمل بند کر کے معمولات زندگی جام کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم اس سے قبل 28اکتوبرکو لال حویلی کے جلسے میں کارکنوںاور عوام کی شمولیت اور جذبات کو سامنے رکھ کر پلاننگ کو حتمی شکل دی جائے گی ضلعی صدر ہارون ہاشمی کی سربراہی میں تشکیل کمیٹی میں تحریک انصاف ضلع راولپنڈی کے تمام اراکین قومی وصوبائی اسمبلی اور مقامی قائدین کو شامل کیا گیا ہے جڑواں شہروں میں تحریک انصاف کے شو میں شرکت کے لئے پنجاب اور خیبر پختونخواہ سمیت ملک کے دیگر اضلاع سے جزوی طور پرکارکنان راولپنڈی اسلام آباد پہنچنا شروع ہو گئے دیگر اضلاع سے دھرنے میں شرکت کے لئے آنے والوں کو بحفاظت پہنچانے اور ان کے قیام و طعام کے لئے تحریک انصاف ضلع راولپنڈی کی قیادت کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جس پر ضلعی قیادت نے اس حوالے سے رضاکارانہ خدمات دینے والے کارکنوں اور مقامی رہنمائوں کی فہرستیں تیار کر لی ہیں ذرائع کے مطابق راولپنڈی اسلام آباد کے اضلاع کی قیادت کودھرنا اور جڑواں شہروں کی بندش کا خصوصی ہدف دیا گیا ہے جس کے لئے تحریک انصاف کی قیادت نے راولپنڈی کو مختلف سیکٹروںاوریونین کونسلوں کی سطح پر تقسیم کر کے کارکنوں کو ذمہ داریاں سونپ دی ہیں جس کے لئے بیرونی اضلاع سے جزوی طور پر کارکنوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جنہیں پارٹی کے مقامی قائدین نے مختلف فارم ہائوسز اور ذاتی ڈیروں پر ٹھہرانے کے علاوہ ہرسرکردہ کارکن کو5افراد کے قیام و طعام کی ذمہ داری سونپی ہے اس حوالے ضلعی تنظیم نے مختلف علاقوں میں اجلاس اور مشاورت کاعمل تیز کر دیا ہے جبکہ دھرنے میں ممکنہ طوالت کے پیش نظر خشک راشن ٬ پانی اوراشیائے خوردونوش کے ذخیرے کے لئے بھی خصوصی بجٹ مختص کیا گیا ہے دھرنے اور احتجاج کے دوران کسی بھی ممکنہ ہنگامہ آرائی کے دوران مزاحمت کے لئے نوجوانوں کی خصوصی ٹولیاں تشکیل دی گئی ہیں جو نہ صرف پولیس کے ساتھ مزاحمت کا بیڑہ اٹھائیں گی بلکہ بیرونی اضلاع سے آنے والے شرکا کے لئے سہولت کار اور مددگار کا کام بھی کریں گے ادھر تحریک انصاف کے ضلعی صدر ہارون ہاشمی نے آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس اور انتظامیہ نے پیشگی طور پر ہمارے کارکنوں کو ہراساں کرنے کے لئے گھروں ٬ دکانوں اور مارکیٹوں پر چھاپے مارے جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پڑھے لکھے لوگوں کی پر امن جماعت ہے اور پر امن احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے انہوں نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف کا 2نومبرکا دھرنا مکمل طور پر پر امن ہو گا لیکن اگر انتظامیہ و پولیس نے بلاجواز رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی تو پھر ہمارے کارکن بھی پر امن نہیں رہیں گے ۔

۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :