Live Updates

حکومت اور تحریک انصاف کو 2نومبر کو اسلام آباد بند کرنے سے روک دیاگیا

کسی کو بھی شہریوں کے بنیادی حقوق متاثر کرنے نہیں دیا جائے گا٬دو نومبر کو کنٹینر لگے گا نہ وفاقی دارالحکومت بند ہو گا٬اسلام آباد ہائی کورٹ ٬عمران خان31 اکتوبر کو طلب سب پر واضح ہونا چاہیے تھرڈ امپائر صرف پاکستان کی عدالتیں ہیں ٬مقامی انتظامیہ جلسے کیلئے پریڈ ایونیو کی جگہ مختص کرے٬تحریک انصاف عدالتی حکم نہیں مانتی تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے٬ جج کے ریمارکس کوئی قتل کی بات کرتا تو آپ انتظار کرینگی عدالت ٬ ہم ضروری اقدامات کریں گے٬ آئی جی آپ نے پہلے دھرنوں سے کوئی سبق نہیں سیکھا ویڈیو سے لگتا ہے دھرنے والے حکومت کو مفلوج کرنا چاہتے ہیں٬جسٹس شوکت عزیز صدیقی

جمعرات 27 اکتوبر 2016 13:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اکتوبر2016ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکومت اور تحریک انصاف کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد بند کرنے سے روکتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو بھی شہریوں کے بنیادی حقوق متاثر کرنے نہیں دیا جائے گا٬شہر میں کوئی سکول اور کالج بند نہیں کیا جائے گا٬دو نومبر کو کنٹینر لگے گا نہ شہر بند ہو گا ٬سب پر واضح ہونا چاہیے تھرڈ امپائر صرف پاکستان کی عدالتیں ہیں ٬٬ عمران خان کے جلسے کے لیے پریڈ ایوینیو میں انتظامات کریں اور انھیں وہیں تک محدود رکھنے کو یقینی بنایا جائے٬عدالت نے عمران خان کو31اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل سنگل بینچ نے شہریوں کی جانب سے تحریک انصاف کے دھرنوں کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کی٬اس موقع پر سیکرٹری داخلہ٬ کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد سمیت متعلقہ حکام عدالت میں پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

درخواست گزاروں کے وکلاء نے موقف اختیارکیا کہ عمران خان نے دو نومبر کو اسلام آباد میں دھرنا دینے اور شہر بند کر دینے کا اعلان کررکھا ہے جس سے انتشار پھیلانے کا خطرہ اور عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا جس پرجسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دئیے کہ احتجاج کرنا سب کا حق ہے لیکن کسی کو سڑکیں بند کرنے کی اجازت نہیں دیں گے٬چیف کمشنریقین دہانی کروائیں کہ کوئی سٹرک بند نہیں ہوگی٬کوئی سکول بند نہیں ہو گا٬کوئی ہسپتال بند اور امتحانات کا شیڈول تبدیل نہیں ہوگا٬حکومت کنٹینرز لگا کر سڑکیںبند نہیں کر ے گی٬جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے مزید ریمارکس دئیے کہ سب پر واضح ہوناچاہیے کہ ایمپائر صرف پاکستان کی عدالتیں ہیں٬آن گرانڈ٬آف گرائونڈ اور ریزرو ایمپائر بھی پاکستان کی عدالتیں ہی ہیں٬کرکٹ میں رگبی کے اصول نہیں چلنے دیں گے٬عدالت نے آئی جی اسلام آباد پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی قتل کرنے کا اعلان اور ارادہ کرے تو کیا آپ قتل ہونے کا انتظار کریں گی آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ ہم ضروری اقدامات کریں گے جس پر جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا کہ آپ نے پہلے دھرنوں سے سبق نہیں سیکھا حکومت سوئی ہوئی ہے ابھی تک کچھ نہیں کیا٬لگتا ہے وہ حکومت کو مفلوج کرنا چاہتے ہیں٬ دوران سماعت کمرہ عدالت میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی تقاریر کی ریکارڈنگز بھی چلائی گئیں٬ عدالت نے اپنے تحریری احکامات میںکہا ہے کہ پیمرا کی جانب سے پیش کردہ ریکارڈنگ کے مطابق بادی النظر میں دھرنے کا پروگرام احتجاج نہیں بلکہ حکومتی مشینری کو کام کرنے سے روکنے کا منصوبہ ہے٬عدالت نے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو ہدایات کی کہ عمران خان کو تحریری طور پر آگاہ کیا جائے کہ دھرنے کے لیے مخصوص جگہ پر اپنا حتجاج کریں دوسری صورت میں قانون کے مطابق کارروائی کریں ٬اسلام آباد کی حدود میں راستوں کی بندش کی اجازت نہیں دی جاسکتی٬تحریری احکامات میں بھی کہا گیا کہ تعلیمی اداروں٬بزنس سنٹرز اور ہسپتالوں کے سامنے احتجاج نہیں ہوگا٬ جسٹس شوکت عزیز نے تحریک انصاف کے مظاہرے کے لئے بھی پریڈ گراؤنڈ مختص کر کے نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیا٬عدالت نے عمران خان کو ذاتی حیثیت میں طلب کر تے ہوئے ہدایات جاری کی ہیں کہ عمران خان کی موجودگی میں تقاریر کی ریکارڈنگز چلائی جائیں گیں اور عمران خان وضاحت کریں کہ انہوں نے کیسے بیان دیا کہ راستے بلاک کرکے حکومت کو کام نہیںکرنے دیں گے۔

بعدازاں کیس کی سماعت 31اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات