کراچی: کورنگی کے قریب سی ٹی ڈی کی کارروائی٬ 3 دہشتگرد ہلاک

لیاری سے دو ملزمان کو گرفتار ٬نیشنل ایکشن پلان کے تحت مختلف علاقوں سے 53 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا

جمعرات 27 اکتوبر 2016 13:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اکتوبر2016ء)کراچی کے علاقے کورنگی کازوے پر دہشتگردوں کے موجود ہونے کی اطلاع پر سی ٹی ڈی کی جانب سے چھاپا مار کارروائی کے دوران 3دہشت گرد ہلاک کردیے گئے جبکہ ایک اہلکار کے زخمی ہوگیا۔ایس ایس پی سی ٹی ڈی ٹو جنید شیخ کے مطابق چھاپے کے دوران دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی۔ سی ٹی ڈی اور دہشتگردوں کے درمیان مقابلے میں 3 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

دہشت گردوں کے قبضے سے ایک مشکوک بیگ بھی بر آمد کیا گیا ہے۔جنید شیخ نے مزید بتایا کہ ہلاک دہشتگردووں کا تعلق کالعدم تنظیموں سے تھا۔ دہشتگردوں کی لاشوں کو کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ کارروائی حساس ادارے کی اطلاع پر کی گئی تھی۔ادھر لیاری آگراہ تاج میں قانون نافذ کرنے والے ادارے نے کارروائی کر کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق گرفتار ملزموں کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے٬ جن کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ادھر بلوچ کالونی کے علاقے جنیجو ٹاؤن اور دادا بھائی ٹاؤن میں پولیس نے نینشل ایکشن پلان کے تحت سرچ آپریشن کیا۔ تلاشی کے دوران 37 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس کے مطابق زیر حراست افراد سے شناختی کوائف طلب کر کے تفتیش کی جارہی ہے۔ صدر کے علاقے پریڈی میں پولیس نے سرچ آپریشن کر کے 16 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق زیر حراست افراد سے تفتیش کی جارہی ہے۔