مقدمے کی سماعت پر جرح کے لئے پیش نہ ہونے پر دو لیڈی ڈاکٹروں کے وارنٹ گرفتاری جاری

جمعرات 27 اکتوبر 2016 13:07

لاہور۔27 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اکتوبر2016ء) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے فیس بک اور انٹرنیٹ کے ذریعے خواتین ڈاکٹروں کو بلیک میل کرنے کے مقدمے کی سماعت پر جرح کے لئے پیش نہ ہونے پر دو متاثرہ لیڈی ڈاکٹروں کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔ عدالت کے جج چوہدری اعظم نے کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے موقع پرعدالتی حکم پر ق اور ن نامی دو متاثرہ خواتین ڈاکٹرز جرح کے لئے عدالت میں پیش نہ ہوئیں جس پر عدالت نے دونوں ڈاکٹروں کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ڈاکٹر سلمان کاظمی نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ مقدمے کے گواہوں کے بیانات کی ترتیب متعین کرنا دہشت گردی عدالت کا اختیار نہیں۔انہوں نے کہا کہ استغاثہ کے گواہوں کے بیانات پہلے قلمبند ہونے سے ملزم کو فائدہ پہنچ سکتا ہے اسی لئے متاثرہ ڈاکٹرز جرح کے لئے پیش نہیں ہو رہیں۔انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ دہشت گردی عدالت کی جانب سے گواہوں کے بیانات کی ترتیب متعین کرنے کے حکم کو عدالت عالیہ لاہور میں چیلنج کیا گیا ہے۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 29 ۔ اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

متعلقہ عنوان :