کراچی٬کورنگی کے قریب سی ٹی ڈی کی کارروائی میں 3 دہشتگرد مارے گئے

لیاری سے دو ملزمان گرفتار ٬ مختلف علاقوں سے 53 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا

جمعرات 27 اکتوبر 2016 11:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 اکتوبر2016ء) کراچی میں کورنگی کازوے کے قریب سی ٹی ڈی نے کارروائی کی جس میں 3 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم جماعت سے تھا۔سی ٹی ڈی پولیس نے دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر کورنگی کاز وے پر کارروائی کر کے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جب کہ مقابلے میں ایک پولیس اہکار زخمی بھی ہوا۔

ایس ایس پی کورنگی جنید شیخ کے مطابق ہلاک کیے گئے تینوں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم جماعت سے ہے٬ دہشت گردوں کے قبضے سے دستی بم٬ اسلحہ اور گولیاں برآمد ہوئیں۔ لیاری آگراہ تاج میں قانون نافذ کرنے والے ادارے نے کارروائی کر کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ذرائع کے مطابق گرفتار ملزموں کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے٬ جن کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ۔

(جاری ہے)

ادھر بلوچ کالونی کے علاقے جنیجو ٹاؤن اور دادا بھائی ٹاؤن میں پولیس نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت سرچ آپریشن کیا۔ تلاشی کے دوران 37 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس کے مطابق زیر حراست افراد سے شناختی کوائف طلب کر کے تفتیش کی جارہی ہے۔ صدر کے علاقے پریڈی میں پولیس نے سرچ آپریشن کر کے 16 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق زیر حراست افراد سے تفتیش کی جارہی ہے۔