اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکومت اور تحریک انصاف کو 2 نومبر کو اسلام آباد بند کرنے سے روک دیا گیا

Fahad Shabbir فہد شبیر جمعرات 27 اکتوبر 2016 10:13

اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکومت اور تحریک انصاف کو 2 نومبر کو اسلام آباد ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27اکتوبر۔2016ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکومت اور تحریک انصاف کو 2 نومبر کو وفاقی دارالحکومت بند کرنے سے روک دیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں 2 نومبر کو اسلام آباد بند کرنے سے متعلق 4 شہریوں کی جانب سے دائر درخواستوں کی سماعت جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل سنگل بنچ نے کی۔ اس موقع پر سیکرٹری داخلہ، کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد سمیت متعلقہ حکام عدالت میں پیش ہوئے۔

جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ حکومت 2 نومبر کو اسلام آباد بند نہیں کرے گی، سڑکوں پر کوئی کنٹینر نہیں لگے گا اور اسکول و اسپتال کھلے رہیں گے۔ اس کے علاوہ جسٹس شوکت عزیز نے تحریک انصاف کے مظاہرے کے لئے بھی پریڈ گراؤنڈ مختص کر کے نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

جبکہ حکومت کو بھی پریڈ گرائونڈ میں تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

اس موقع پر پیمرا نے عمران خان اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کی جانب سے اسلام آباد بند کرنے کے حوالے سے تقاریر کی ویڈیو بھی عدالت میں پیش کیں جس پر جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ امپائر، تھرڈ امپائر اور ریزرو امپائر صرف پاکستان کی عدالتیں ہیں، کرکٹ میں رگبی کے اصول نہیں لگیں گے، عمران خان کو بھی نوٹس جاری کریں گے۔