کشمیر کا تنازعہ ایک فلیش پوائنٹ اور پوری دنیا کے امن کیلئے مستقل خطرہ ہے٬ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سیکورٹی فورسز کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور ظلم و جبر رکوانے کیلئے کردار ادا کرنا چاہئے

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے موقع پر پیغام

جمعرات 27 اکتوبر 2016 11:03

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اکتوبر2016ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ کشمیر کا تنازعہ ایک فلیش پوائنٹ اور نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے امن کیلئے مستقل خطرہ ہے٬ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سیکورٹی فورسز کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور ظلم و جبر رکوانے کیلئے کردار ادا کرنا چاہئے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار (آج) 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کیا۔ انہوں نے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہمارے تعلقات نہ صرف مذہب٬ تہذیب اور انسانیت کی بنیاد پر قائم ہیں بلکہ ان کے ساتھ ہمارے خونی رشتے بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا پرامن اور منصفانہ حل چاہتا ہے اور کشمیری عوام کی اخلاقی٬ سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں احتجاج کرنے والوں پر پیلٹ گنز کے استعمال٬ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں٬ خواتین کی عصمت دری اور کشمیری رہنمائوں کی مسلسل حراست کے ساتھ ساتھ کرفیو کے نفاذ کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ حق خودارادیت کیلئے کشمیریوں کی آواز کو بندوق اور ظلم و جبر سے نہیں دبایا جا سکتا۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت خود کشمیر کا معاملہ اقوام متحدہ میں لیکر گیا تھا اور کشمیری عوام کو حق خودارادیت دینے اور استصواب رائے کا وعدہ کیا تھا۔ کشمیری عوام کی قربانیاں رئیگاں نہیں جائیں گی۔