کارک کی پندرھویں وزارتی کانفرنس اختتام پذیر ٬ رکن ممالک کا مختلف شعبوں میں تعاون کا عزم

جمعرات 27 اکتوبر 2016 11:03

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اکتوبر2016ء) وسطی ایشیائی علاقائی اقتصادی تعاون تنظیم (کارک) کی پندرھویں دوروزہ وزارتی کانفرنس بدھ کو اختتام پذیر ہوگئی۔ کانفرنس کے دوران تنظیم کے رکن ممالک نے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ کانفرنس میں پاکستان افغانستان٬ آذربائیجان٬ چین٬ جارجیا٬ قازقستان٬ کرغستان٬ منگولیا٬ تاجکستان٬ ترکمانستان اور ازبکستان کی حکومتوں کے نمائندوں نے اور وزراء نے شرکت کی۔

کانفرنس کے اختتام پر جاری ہونے والے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ علاقائی تعاون سے شرح نمو بڑھانے اور چیلنجوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ کانفرنس کے شرکاء نے تجارت٬ معیشت٬ ٹرانسپورٹ٬ توانائی اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

کارک میں جارجیا کو گیارھویں رکن کے طور پر نمائندگی دی گئی ہے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ تنظیم کے رکن ممالک باہمی رابطے بڑھا کر علاقائی تعاون کو فروغ دیں گے نئی منڈیوں میں نئے مواقع تلاش کئے جائیں گے اور نجی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے گا۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ممبر ممالک کی قومی حکمت عملی اور ترقیاتی شراکتداروں کی ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے کارک پروگرام کے ایجنڈے کی توسیع کیلئے نئی حکمت عملی ترتیب دی جانی چاہئے۔ کارکن سیکرٹریٹ علاقے کی پائیدار اور موثر ترقی کیلئے نئی طویل المدتی حکمت عملی پر فوری کام شروع کرے جسے 2018 ء تک مکمل کیا جائے۔ ہم قازقستان کی طرف سے پہلا کارکن انسٹی ٹیوٹ کا دفتر قائم کرنے کی حمایت کرتے ہیں۔

ہم کثیرالجہتی شراکتداروں کی طرف سے مسلسل مالیاتی اور تکنیکی حمایت پر ان کے ممنون ہیں۔ انسانی وسیلے جدت اور ٹیکنالوجی کو ترقی کے نئے محور تسلیم کرتے ہوئے نجی شعبے کی موثر شرکت میں اضافہ کیا جائے گا۔ اعلامیہ میں پندرھویں وزارتی کانفرنس کی میزبانی کرنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا گیا اور کہا گیا ہے کہ سہولیں وزارتی کانفرنس 2017 ء میں قازقستان میں ہوگی۔