موجودہ حکومت ملک میںکھیلوں کے فروغ کے لئے اقدامات کر رہی ہے٬وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ

بدھ 26 اکتوبر 2016 23:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اکتوبر2016ء) وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ملک میںکھیلوں کے فروغ کے لئے اقدامات کر رہی ہے ۔ انہوں نے یہ بات سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں نیشنل وہیل چیئرزیوزور کرکٹ ٹورنا منٹ2016ء کے سلسلہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ یہ ٹورنامنٹ معذوروں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنے والی سایہ ایسوسی ایشن اور مائیل سٹون سوسائٹی فار دی سپیشل پرسنز پاکستان سپورٹس بورڈ کے اشتراک سے منعقد کروا رہی ہے ۔

وہیل چیئرز یوزوز کے تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں 200سے زائد کھلاڑی حصہ لیں گے۔ وفاقی وزیر نے اپنے خطاب میں معذور افراد پر زور دیا کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتیں استعمال کریں اور خود کو پاکستان کے لئے مفید شہری بنائیں ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے یقین دلایا کہ وہیل چیئرز استعمال کرنے والے کھلاڑیوں کے لئے مستقل فنڈ قائم کیا جائے گا اور اس ضمن میں حکومت معذور کھلاڑیوں کے ساتھ بھر پور تعاون کرے گی ۔

ریاض پیرزادہ نے کہا کہ دہشت گردی نے کھیلوں کو بہت نقصان پہنچا یا تاہم موجودہ حکومت نے ملک میں کھیلوں کی بحالی کے لئے اقدامات کئے ہیں۔وزیر نے ٹورنامنٹ کے منتظمین کو مبارکباد دی اور مستقبل میں بھی اس قسم کے مقابلہ جاتی ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لئے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔انہوں نے کہا کہ مسابقت سے صحت مند کلچر فروغ پائے گا اور حصہ لینے والے کھلاڑیوں میں خود اعتمادی پیدا ہو گی۔

متعلقہ عنوان :