میری سیاست اس بات کی گواہی دیتی ہے کہ میرا وطن میری اول و آخر کمٹمنٹ ہے اور میرا ٹویٹ بھی اس بات کی گواہی دیتاہے کیونکہ اگر کوئی اندرون خانہ دشمن ہمارے ملک کو نقصان پہنچائے گا تو وہ بھی ہمارا دشمن ہی ہوگا

وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

بدھ 26 اکتوبر 2016 22:54

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء) وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ میری سیاست اس بات کی گواہی دیتی ہے کہ میرا وطن میری اول و آخر کمٹمنٹ ہے اور میرا ٹویٹ بھی اس بات کی گواہی دیتاہے کیونکہ اگر کوئی اندرون خانہ دشمن ہمارے ملک کو نقصان پہنچائے گا تو وہ بھی ہمارا دشمن ہی ہوگا ٬ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا٬ انہوں نے کہا کہ حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے٬ اگر کوئی پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد پر حملہ کرے گا اور اسے بند کر دینے کی باتیں کرے گا تو حکومت اس کے دفاع کو یقینی بنائے گی اور اپنی ذمہ داری کو پورا کرے گی٬ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سرحدوں سے پار ہمارے دشمن چاہتے ہیں کہ سی پیک پر عمل درآمد نہ ہو٬ دہشت گردی پر قابو نہ پایا جا سکے اور پاکستان ترقی نہ کرے٬ سی پیک پر بھی ہم بہت بہتر طریقے سے کامیابی کے ساتھ اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ میں افواج پاکستان نے جو کامیابیاں حاصل کی ہیں انکی پوری دنیا میں کہیں بھی مثال نہیں ملتی اور ہماری افواج کا کوئی ثانی ہی نہیں٬ یہی بات ہمارے دشمن کو ہضم نہیں ہو رہی اور وہ سرحد پار سے ہمارے ملک کو نشانہ بنا رہا ہے جبکہ اندرون خانہ ہمارا دشمن وزیراعظم محمد نواز شریف کو نشانہ بنا رہا ہے۔

(جاری ہے)

۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ہمارے سرحد پار دشمن کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہو پا رہی اور وہ پاکستان میں سی پیک کی کامیابی نہیں چاہتے اور نہ ہی پاکستان کو ناقابل تسخیر ہوتا ہوا دیکھ سکتے اسی طرح عمران خان کو بھی خوف ہے کہ اگر وزیراعظم محمد نواز شریف اپنی کامیابیوں کے سفر کو جاری رکھتے ہیں تو وہ اندرون ملک ان کے لیے ناقابل تسخیر ہو جائیں گے٬ جب میرے لیڈر وزیراعظم محمد نواز شریف جنہوں نے ڈیڑھ کروڑ ووٹ لیے ہیں ان کے بارے میں کوئی کچھ کہے اور اسے سیکیورٹی رسک قرار دے تو ہم حساب تو ضرور برابر کرنے کی کوشش کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ انہوں نے کہا کہ میرا ٹویٹ ایک سوال تھا جو میں نے عمران خان کے بیان کے ردعمل کے طور پر دیا جس میں انہوں نے کہا کہ ہم جب بھی کچھ کرنا چاہتے ہیں تو کچھ نہ کچھ سرحدوں پہ ہوجاتا ہے یا کوئی حادثہ ہو جاتا ہے٬ ان کا اشارہ کیا تھا میں نے تو اپنے ٹویٹ میں اس بارے میں سوال پوچھا ہے٬ ایک اور سوال کے جواب میں خواجہ محمد آصف نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے جمہوریت اور جن اصولوں کے لیے اپنی جان کی قربانی دی ہمیں اس کا پاس ہے اور ہم اس کی قدر کرتے ہیں۔ ایک اورسوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیاسی پختگی معاملات کے تسلسل سے آتی ہے نعرے لگوانے سے نہیں۔