پانچ ماہ کے دوران44کروڑ روپے کی وصولی ٬واپڈا ٹائون کیس کی تحقیقات آخری مراحل میں ہے۔ڈی جی نیب ملتان

بدھ 26 اکتوبر 2016 22:51

ملتان۔26 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء) قومی احتساب بیورو(نیب)ملتان کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر (ر)فاروق ناصر اعوان نے کہا ہے کہ نیب ملتان نے مئی2016ء سے اب تک پانچ ماہ کے دوران 44کروڑ روپے سے زیادہ کی وصولی کی۔اپنے دفتر میں صحافیوں سے ملاقات کے دوران انہوںنے بتایا کہ نیب ملتان کے دفتر کا قیام اپریل2015ء میں عمل میں آیا۔

اس وقت سے اب تک ہمیں مجموعی طورپر 3516شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 102شکایات پر نیب ملتان نے کاروائی کا فیصلہ کیا۔اب تک 80کیس نمٹائے جاچکے ہیں جبکہ 22کی تحقیقات ابھی جاری ہیں۔انہوںنے مزید بتایا کہ 44کروڑ روپے میں سے 24کروڑ روپے رضاکارانہ طورپر واپس کیے گئے۔دوکروڑ41لاکھ پلی بارگین جبکہ 17کروڑ براہ راست ریکوری یا سرنڈر کی صورت میں حاصل ہوئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ ماہ کے دوران 33کروڑ60لاکھ رو پے سے زیادہ مالیت کی 45جائیدادیں بھی واپس لی گئیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوںنے بتایا کہ واپڈا ٹائون کے معاملات میں گھپلوں کاکیس تحقیقات کے آخری مراحل میں ہے۔ہماری کوشش تھی کہ لوگوں کونقصان سے بچایا جائے۔اب متاثرہ افراد کو پلاٹ دیئے جائیں گے اور مجرموں کو سخت سزادی جائے گی۔قبضہ مافیا کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ محکمہ زراعت کے افسروں کے ذریعے انہیں معلوم ہوا ہے کہ ملتان٬بہاولپور اورڈیرہ غازی خان ڈویژنوں میں 23000سرکاری اراضی میں سے 22100ایکڑاراضی پر قبضہ ہواپڑا ہے۔ہم یہ قبضہ بھی بازیاب کرائیں گے۔

متعلقہ عنوان :