پاکستان کی معاشی کارکردگی حوصلہ افزاء ہے٬حکومت نے معاشی استحکام کیلئے بہت اقدامات کئے ہیں جن سے بڑی کامیابیاں ملی ہیں٬ پاکستان کو پائیدار ترقی کیلئے اصلاحات کا عمل جاری رکھنا ہو گا

ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر تاکی ہیکو نکائو کا وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کے ہمراہ پریس کانفرنس

بدھ 26 اکتوبر 2016 22:42

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء) ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر تاکی ہیکو نکائو نے پاکستان کی معاشی کارکردگی کو حوصلہ افزاء قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے معاشی استحکام کیلئے بہت اقدامات کئے ہیں جن کے نتیجہ میں اسے بڑی کامیابیاں ملی ہیں٬ پاکستان کو پائیدار ترقی کیلئے اصلاحات کا عمل جاری رکھنا ہو گا۔

وہ بدھ کو یہاں کاریک وزارتی کانفرنس کے بعد وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کوئٹہ کے المناک واقعہ پر متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دورہ کے دوران وزیراعظم محمد نواز شریف٬ وزیر خزانہ اسحاق ڈار٬ گورنر سٹیٹ بینک اور دیگر حکام کے ساتھ ملاقاتیں مفید رہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ برسوں میں معاشی میدان میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں٬ شرح نمو مستحکم٬ زرمبادلہ کے ذخائر میں نمایاں اضافہ ہوا٬ مہنگائی اور مالیاتی خسارہ میں کمی آئی ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر نے کہا کہ حکومت ڈھانچہ جاتی اصلاحات جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے جبکہ سرمایہ کاری کیلئے حالات کو سازگار بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں٬ اس سلسلہ میں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا بینک مختلف شعبوں میں پاکستان کو معاونت فراہم کر رہا ہے٬ پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے 15 ویں کاریک وزارتی کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر حکومت پاکستان کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئی ایم ایف پروگرام کو کامیابی کے ساتھ مکمل کرنا حوصلہ افزاء ہے٬ پاکستان کے اقتصادی اشاریے بہتر ہوئے ہیں جو حکومت کے پختہ عزم سے ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی چیلنجز موجود ہیں تاہم حکومت اس سے نمٹنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے کاریک ممالک کو بدلتے ہوئے اقتصادی حالات کو اپنانے میں معاونت فراہم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئے چیلنجز سے عہدہ برآں ہونے کیلئے کاریک کے ایجنڈا کو وسعت دینا ہو گی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کاریک کانفرنس کی کارروائی سے میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس کے 6 سیشنز ہوئے ہیں٬ کانفرنس میں 2020ء کے بعد کے لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ کانفرنس میں کاریک ممالک کے رکن ممالک کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں اور ڈونرز سمیت 160 مندوبین نے شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ جارجیا کاریک کا باضابطہ رکن بن گیا ہے جس کے بعد اس کے رکن ممالک کی تعداد 11 ہو گئی ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے افتتاحی سیشن سے کلیدی خطاب کیا اور علاقائی اتحاد کیلئے مفید تجاویز دیں۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں کاریک انسٹی ٹیوٹ کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے جس کی دستاویز پر پاکستان سمیت 4 ممالک نے دستخط کر دیئے ہیں۔

کاریک کانفرنس میں اعلیٰ شرح نمو کیلئے علاقائی تعاون٬ کاریک کی سرگرمیوں میں نجی شعبہ کا کردار بڑھانے٬ علاقائی تجارت٬ بدلتے حالات کے مطابق طویل المدتی حکمت عملی تشکیل دینے اور ادارہ جاتی میکنزم کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ وزیر خزانہ نے ایشیائی ترقیاتی بینک کی معاونت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کاریک کانفرنس کے تمام مندوبین نے کوئٹہ میں دہشت گردی کے المناک واقعہ پر پاکستان کے عوام اور حکومت سے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے سانحہ کے بعد کانفرنس کے مندوبین کے اعزاز میں عشائیہ اور کلچرل شو کا پروگرام منسوخ کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :