پی ایچ ای سی صوبے میںتعلیمی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی٬ڈاکٹر نظام الدین

بدھ 26 اکتوبر 2016 22:42

لاہور۔26 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء)پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کا اجلاس صوبائی وزیر تعلیم ہائیر ایجوکیشن بیگم ذکیہ شاہ نواز کی زیرصدارت گزشتہ روزیہاں منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹرمحمدنظام الدین نے کہا کہ صوبے میں تعلیمی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیںکیا جائے گا۔

اور پی ایچ ای سی سرکاری و نجی یونیورسٹیوں میں طالب علموں کو اعلیٰ تعلیم کے یکسر مواقع فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے ٬وہاں اعلیٰ تعلیمی معیار کو بہتربنانا بھی اس کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیرذکیہ شاہنواز کا کہنا تھا کہ یونیورسٹیوں میں اقتصادی میدان میںترقی اور تحقیق کی ترویج ناگزیر ہے٬جس کے لئے پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرسرپرستی پی ایچ ای سی پنجاب میں تعلیم کی بہتری کے لئے اہم کردار اد اکر رہا ہے۔صوبے میں پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے ذیلی کیمپسزپرگفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد نظام الدین کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میںکمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جوان یونیورسٹی کیمپسز کوقانونی حیثیت دینے یا غیر قانونی قرار دینے کے متعلق کمیشن کو اپنی سفارشات پیش کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ نجی کمیشن طلباء کے زیادہ سے زیادہ اندراج پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں اور معیارتعلیم کو یقینی بنانے والے عوامل کو نظرانداز کردیا ہے٬جبکہ نصابی تعلیم کو بہتر بنانے اور تحقیقی کلچر کو فروغ دینا وقت کا تقاضا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔قبل ازیں نجی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرزاور ریکٹر زنے پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کی طرف سے کئے گئے اقدامات کی تعریف کی اور کمیشن کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔