ناقص غذائیت سب سے بڑا چیلنج ٬ حکومت مسئلے کو حل کرنے کے لئے پُرعزم ہے٬ سائرہ افضل تارڑکا ہیلدی کڈزڈے کی تقریب سے خطاب

بدھ 26 اکتوبر 2016 22:42

لاہور۔26 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء)نیسلے پاکستان نے جن بچوں کو غذائیت سے متعلق تعلیم دی ہے ان کی تعداد دو برسوں میں دوگنا ہو گئی ہے اور اس سال نیسلے ہیلدی کڈزڈے کی کامیابی کا جشن منایا گیا۔ اس موقع پروفاقی وزیر برائے ہیلتھ سائنسز ریگولیشن اینڈ کوآرڈنیشن سائرہ افضل تارڑ مہمانِ خصوصی تھیں۔NHK پروگرام نیسلے کا عالمی اقدام ہے جس کا مقصد 6 سے 16 سال کے بچوں میں صحت مند طرزِ زندگی کے طریقے متعارف کرانا ہے۔

یہ ایک نصابی پروگرام ہے جس کا برانڈ سے کوئی تعلق نہیں ہے٬ اور یہ صحت مند کھانا پینا٬ غذائیت٬ صفائی ستھرائی اور جسمانی حرکت کے موضوعات پر محیط ہے۔یہ پروگرام 2010 ء میں اپنے آغاز سے اب تک پاکستان میں 100,000 سے زائد بچوں تک رسائی حاصل کرچکا ہے اور247 اساتذہ کو تربیت فراہم کرچکا ہے۔

(جاری ہے)

نیسلے پاکستان پنجاب٬ وفاقی دارالحکومت٬ خیبر پختونخوا اور سندھ میں 10 پارٹنرز کے ساتھ مربوط ہو رہا ہے۔

مہمانِ خصوصی سائرہ افضل تارڑ نے نیسلے کے کامیاب این ایچ کے پروگرام پر مبارکباد دی اور کہا کہ یہ ایک بہترین مثال ہے کہ کس طرح متعدد اسٹیک ہولڈرز ناقص غذائیت کے مسئلے پر توجہ دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ناقص غذائیت سب سے بڑا چیلنج ہے جو پاکستان میں بچوں کو درپیش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔ نیسلے ہیلدی کڈز پروگرام ایک بہترین مثال ہے کہ کس طرح اشیائے خورد و نوش کی صنعت اس مسئلے کو حل کرنے میں حکومت کی معاونت کرسکتی ہے۔