صوبائی ایپکس کمیٹی کا پولیس ٹریننگ کالج کے دہشت گردی کے واقعہ کی تحقیقات کیلئے وسیع اختیارات کے حامل انکوائری کمیشن کی تشکیل کا فیصلہ

اس میں تمام متعلقہ اداروں کے حکام شامل ہونگے٬ کمیشن واقعہ کی مکمل چھان بین کر کے اپنی رپورٹ پیش کرتے ہوئے واقعہ کی ذمہ داری کا تعین بھی کریگا

بدھ 26 اکتوبر 2016 22:36

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اکتوبر2016ء) صوبائی ایپکس کمیٹی نے 24 اکتوبر کے پولیس ٹریننگ کالج کے دہشت گردی کے واقعہ کی تحقیقات کے لیے وسیع اختیارات کے حامل انکوائری کمیشن کی تشکیل کا فیصلہ کیا ہے٬ جس میں تمام متعلقہ اداروں کے حکام شامل ہونگے٬ کمیشن واقعہ کی مکمل چھان بین کر کے اپنی رپورٹ پیش کرتے ہوئے واقعہ کی ذمہ داری کا تعین بھی کریگا ۔

صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس بدھ کے روز وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی٬ کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض٬ چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ٬ آئی جی پولیس احسن محبوب٬ آئی جی ایف سی میجر جنرل شیر افگن اور دیگر متعلقہ سول و عسکری حکام شریک ہوئے٬ اجلاس کو متعلقہ اداروں کی جانب سے پی ٹی سی کے دہشت گردی کے واقعہ کی تفصیلات سمیت کوئٹہ شہر اور صوبے کی امن و امان کی مجموعی صورتحال اور سیکورٹی اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ٬ اجلاس میں خودکش حملوں اور دہشت گردی کے دیگر واقعات کے تدارک اور روک تھام کے لیے ایک نئی حکمت عملی کے تحت اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور اس حوالے سے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی گئیں٬ اجلاس میں پولیس کی انسداد دہشت گردی کی استعداد کار میں اضافہ کے لیے مختلف تجاویز کا جائزہ لیتے ہوئے پولیس فورس اور پاک فوج کے مابین روابط اور قربت کو مزید بڑھانے اورپاک فوج کے زیر اہتمام پولیس افسران کے لیے ریفریشرکورسسز کے انعقاد پر اتفاق کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پولیس فورس کی قربانیوںکو سراہتے ہوئے فورس کے مورال کو بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ٬ جبکہ اس بات سے بھی اتفاق کیا گیا کہ امن و امان کی موجودہ صورتحال اور سیکورٹی کے حوالے سے درپیش چیلنجز کے پیش نظر کسی قسم کی کوتاہی کی گنجائش نہیں رہتی لہذا تمام سیکورٹی فورسز کو بالعموم اور پولیس فورس کو بالخصوص اپنی کارکردگی میں اضافہ کرنا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :