لاچی میں ضلع ناظم کی رہائش گاہ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مین گیٹ کو جزوی نقصان

بدھ 26 اکتوبر 2016 22:33

کوہاٹ۔26اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء) کوہاٹ کی تحصیل لاچی میں ضلع ناظم کی رہائش گاہ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مین گیٹ کو جزوی نقصان پہنچا۔واقعہ کا مقدمہ تھانہ لاچی میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔ڈی پی او کوہاٹ محمد صہیب اشرف نے واقعہ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب نامعلوم ملزمان نے ضلع ناظم کوہاٹ مولانا نیاز محمد کی رہائش گاہ واقع لاچی پاں پر فائرنگ کردی جسکے نتیجے میں انکے رہائشی مکان کے مرکزی دروازے کو متعدد گولیاں لگنے سے جزوی نقصان پہنچا ہے۔تاہم واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی لاچی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور ضلع ناظم کے بھائی امتیاز خان کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف فائرنگ کی اس واردات کا مقدمہ درج کرکے تلاش شروع کردی ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کو درج کئے گئے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انکا کسی کیساتھ کوئی دشمنی یا عداوت موجود نہیں ہے تاہم انکے گھر پر ڈرانے دھمکانے اور خوف پھیلانے کی غرض سے فائرنگ کی گئی ہے۔پولیس نے وقوعہ کی مختلف پہلوئون پر تفتیش شروع کردی ہے لیکن فوری طور پر واقعہ کے اصل محرکات معلوم نہ ہوسکیں۔واضح رہے کہ مولانا نیاز محمد حالیہ بلدیاتی انتخابات میں جمعیت علمائے اسلام (ف) گروپ کی ٹکٹ پریونین کونسل لاچی سے ڈسٹرکٹ کونسلر کی نشست پر منتخب ہوا تھااور بعد ازاں ضلع ناظم کوہاٹ کیلئے ہونے والے انتخابات کے نتیجے میں وہ بطور ضلع ناظم منتخب ہوگئے تھے۔