Live Updates

عمران خان کو میری کمپنی اور میرے بارے میں گمراہ کن اور غلط حقائق فراہم کئے ٬ عمران خان نے غیر حقیقی باتیں کہی ہیں٬ اسلام آباد ایئرپورٹ ٹرمینل کی تعمیر کا منصوبہ تو میری کمپنی کو سول ایوی ایشن کی طرف سے شفاف بڈنگ کے ذریعے پیپلزپارٹی کی حکومت نے دیا٬

لاہور میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کا ٹھیکہ مجھے بین الاقوامی سطح کی بولی کے بعد دیا گیا اس منصوبے پر مجھے اس وقت کام دیا گیا جب چوہدری پرویز الہی پنجاب کے وزیراعلی تھے٬ چائنا سٹیٹ کنسٹرکشن انجینئرنگ کارپوریشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرجاوید صادق کا بیان

بدھ 26 اکتوبر 2016 21:42

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء) چائنا سٹیٹ کنسٹرکشن انجینئرنگ کارپوریشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرجاوید صادق نے کہا ہے کہ عمران خان کو میری کمپنی اور میرے بارے میں گمراہ کن اور غلط حقائق فراہم کئے ۔ منگل کو جاری کئے گئے ایک بیان میں جاوید صادق نے کہا کہ میں عمران خان کی طرف سے لگائے گئے الزامات کے حوالے سے یہ بیان جاری کررہا ہوں کہ عمران خان نے میرے اور میری کمپنی سے متعلق غلط اور غیر حقیقی باتیں کہی ہیں۔

میں یہ سمجھتا ہوں کہ عمران خان کو میرے اور میری کمپنی کے حوالے سے غلط معلومات فراہم کی گئیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے چار منصوبوں سے متعلق بات کی ہے اسلام آباد ایئرپورٹ ٹرمینل کی تعمیر کا منصوبہ تو میری کمپنی کو سول ایوی ایشن کی طرف سے شفاف بڈنگ کے ذریعے اس وقت کی پیپلزپارٹی کی حکومت نے دیا۔

(جاری ہے)

ہماری کمپنی کی طرف سے سب سے کم تخمینہ دیا گیا تھا۔

اسلام آباد ایئرپورٹ کے منصوبے کیلئے بولی عالمی سطح پر دی گئی یہ منصوبہ اس سال اپنی تکمیل کے قریب پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے میری کمپنی کے دوسرے منصوبے لاہور میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک سے متعلق بات کی ہے یہ ٹھیکہ مجھے بین الاقوامی سطح کی بولی کے بعد دیا گیا اس منصوبے پر مجھے اس وقت کام دیا گیا جب چوہدری پرویز الہی پنجاب کے وزیراعلی تھے۔

تیسرا ٹھیکہ ملتان سکھر موٹر وے کا ہے جو کہ پاک چین راہداری منصوبے سے منسلک ہے اس منصوبے کے لئے چینی حکومت سرمایہ کاری کررہی ہے یہ منصوبہ چینی حکومت کی طرف سے میری کمپنی کو نامزد کرنے پر دیا گیا۔ اس منصوبے پر دو اور کمپنیاں بھی کام کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے اس منصوبے کے لئے اظہار دلچسپی طلب کیا تھا جس کیلئے تین کمپنیوں کے درمیان بولی ہوئی ٬ چائنا کنسٹرکشن کمپنی نے سب سے کم بولی دی جس پر این ایچ اے کی طرف سے یہ ٹھیکہ دسمبر 2015 ء میں اسے دیا گیا۔

عمران خان کی طرف سے جس چوتھے منصوبے کا ذکر کیا گیا یہ قائداعظم سولرپارک ہے جس پر چین کی کمپنی زونرجی کی طرف سے سرمایہ کاری کی جارہی ہے۔ جاوید صادق نے کہا کہ نیپرا نے اس کی کمپنی کیلئے اولین تین سو میگاواٹ کیلئے ٹیرف دیا یہ منصوبہ کامیابی کے ساتھ مکمل کیا گیا اور اس وقت نیشنل گرڈ کیلئے بجلی فراہم کررہا ہے۔ باقی چھ سو میگاواٹ کیلئے ہمارے ساتھ غیرمنصفانہ رویہ اختیار کیا گیا اور ہمیں اس پر کام نہ دیا گیا اس منصوبے کیلئے چین کے صدر اور پاکستان کے وزیراعظم کی موجودگی میں معاہدے پر دستخط کئے گئے تھے انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے حوالے سے حکومت پاکستان کے خلاف ہم نے ہائیکورٹ سے رجوع کیا عدالت نے فیصلہ ہمارے حق میں دیا اور کیس واپس سماعت کیلئے نیپرا کو بھجوا دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ خالصتاً سرمایہ کاری کا ہے اور بدقسمتی سے ہمیں اس میں حکومت کی طرف سے تعاون نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چائنا سٹیٹ کنسٹرکشن انجینئرنگ کارپوریشن ای این آر کی 2016 ء کی رپورٹ کے مطابق دنیا کی سب سے بڑی کمپنی ہے جو چینی حکومت کی ملکیت ہے انہوں نے کہا کہ یہ کمپنی دنیا کی پانچ سو بڑی کمپنیوں میں 27 ویں درجے پر ہے جاوید صادق نے کہا کہ اس کمپنی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی حیثیت سے یہ میری ذمہ داری تھی کہ میں پاکستان میں اس کمپنی کے کاروبار کو وسعت اور فروغ دوں۔

انہوں نے کہا کہ میری درخواست ہوگی کہ چینی کمپنی اور سی پیک کے معاملات کو حقائق جانے بغیر گڑ بڑ نہیں کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی طرف سے بے بنیاد اعدادوشمار بیان کئے گئے ہیں جنہیں میں پوری طرح مسترد کرتا ہوں انہوں نے کہا کہ میں 1998 ء سے ایک بزنس مین کے طورپر کام کررہا ہوں چین کی کمپنی زیڈ ٹی ای میں شیئرہولڈر تھا اور غیرملکی سرمایہ کاری پاکستان لانے کیلئے سرگرم رہا ہوں۔ انہوں نے میڈیا سے درخواست کی کہ حقیقت حال جانے بغیر بے بنیاد حقائق کو جاری نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹی اور بے بنیاد اطلاعات اور کہانیاں پھیلانے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتا ہوں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات