لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن٬ لاہور کی زیرِ صدارت سانحہ کوئٹہ کے سوگ میں اجلاس

بھی ہم کوئٹہ میں شہید ہونے والے وکلاء کا غم نہ بھول پائے تھے کہ ایک اور دلخراش اور اندوہناک سانحہ رونما ہو گیا٬ وکلاء کا خطاب

بدھ 26 اکتوبر 2016 21:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اکتوبر2016ء) رانا ضیاء عبدالرحمن صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن٬ لاہور کی زیرِ صدارت سانحہ کوئٹہ کے سوگ میں طلب کیا گیا۔ اجلاس میں محمد انس غازی سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ٬ سردار طاہر شہباز خاں نائب صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن٬ سید اسد بخاری فنانس سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ٬ لاہور کے علاوہ وکلاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

محمد انس غازی سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ٬ لاہورنے اجلا س کی کاروائی کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے سراج احمد ایڈووکیٹ کو تلاوت کلام پاک اورمحمود احمد ایڈووکیٹ کو نعت رسول مقبول کی سعادت حاصل کرنے کی دعوت دی۔ محمد انس غازی سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ٬اللہ بخش گوندل ایڈووکیٹ سپریم کورٹ٬ بیرسٹر ظفر اللہ خان ایڈووکیٹ سپریم کورٹ٬ پروفیسر نثار صفدر ایڈووکیٹ ہائیکورٹ٬ امان اللہ چوغطہ ایڈووکیٹ ہائیکورٹ ٬ سردار آفتاب احمد ورک ایڈووکیٹ ہائیکورٹ اور آذر لطیف خان سابق صدر لاہور بار ایسوسی ایشن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ابھی ہم کوئٹہ میں شہید ہونے والے وکلاء کا غم نہ بھول پائے تھے کہ ایک اور دلخراش اور اندوہناک سانحہ رونما ہو گیا۔

(جاری ہے)

دہشت گردوں کا روپ دھارے کر جنگلی درندے بے گناہ٬ معصوم اور نہتے عوام کو درندگی کا نشانہ بنانے پر گامزن ہیں۔ وطن عزیز کے باسیوں نے موجودہ ارباب اقتدار کو اس لئے منتخب کیا تھا کہ ملک میں امن و امان ہو٬ معیشت مضبوط ہو اور ان کے غموں اور دکھوں کا مداوا ہو اور عوام سکھ کا سانس لے سکیں لیکن اس تمام کے برعکس حکمرانوں نے عوام کو دہشت گردوں کے حوالہ کر دیا اور سارا زوراپنی حفاظت کو مضبوط تر کرنے پر لگا دیا۔

ہسپتال ٬ سکول اور عوامی مقامات غیر محفوظ بنا دیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی دہشت گردی کی کاروائی ہوتی ہے را کا نام لیکر معاملہ ٹھپ کر دیا جاتا ہے۔ حالانکہ ’’را‘‘ کی تمام تر کاروائیوں میں موساد اور سی آئی اے معاون و مددگار ہیں۔ کشمیر میں آزادی کی موجودہ جدوجہد کو ہندوستان بلوچستان سے نتھی کرنے کی کوشش میں سرگرداں ہے حالانکہ کشمیر کے حوالہ سے ہندوستان کی اپنی ہی پیش کردہ قرارداد UNOمیں زیر التوائ ہے اور حل طلب ہے لیکن بلوچستان پاکستان کا حصہ ہے جسے چند علیحدگی پسند انڈیا کے ایمائ پر توجہ طلب مسئلہ بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کوئٹہ میں بزدلانہ دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت وقت سے سیکورٹی انتظامات کو مضبوط اور دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے کا مطالبہ کیا۔ رانا ضیائ عبدالرحمن صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ابھی کوئٹہ کی فضاوکلائ کی شہادت پر سوگوار تھی کہ ایک اور خوفناک سانحہ رونما ہو گیا۔ ملک بھر کے عوام بالخصوص وکلائ برادری خون کے آنسو رو رہی ہے۔

پوری برادری سوگوار اور غم میں ڈوبی ہوئی ہے۔ ارباب اختیار اپنے اقتدار کیلئے ہرحربہ استعمال کر رہے ہیں لیکن عوام کو وحشیوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ انہوں نے حکومت اور سیکورٹی اداروں سے مطالبہ کیا کہ ہر قیمت پر دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں پر قابو پا کر ان کا قلع قمع کیا جائے تاکہ ملک خوشحالی اور امن و سلامتی کی منازل طے کر سکے۔ جسٹس (ر) نذیر احمد غازی نے شہدائے کوئٹہ کی بلندی درجات ٬ زخمیوں کی جلد صحت یابی اور لواحقین کے صبر جمیل کیلئے دعا کرائی۔ (بخت گیر)