وزیرآباد٬تین روز سے غائب 22سالہ طالبعلم کی نعش وزیرآباد کے قریب گیمن پل سے برآمدے

لواحقین نے قانونی کارروائی سے انکار کردیا٬ سوہدرہ میں سپر د خاک

بدھ 26 اکتوبر 2016 20:57

وزیرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اکتوبر2016ء) تین روز سے غائب سوہدرہ کے 22سالہ طالبعلم کی نعش وزیرآباد کے قریب گیمن پل کے نیچے سے مل گی۔وہ پیرا میڈیکل کالج گجرات کا سال سوم کا طالبعلم تھا۔نعش خراب اور تعفن زدہ تھی۔لواحقین نے قانونی کارروائی سے انکار کردیا۔ سوہدرہ میں سپر د خاک۔ تفصیلات کے مطابق پیرا میڈیکل کالج گجرات کا تھرڈ ایئر کا طالبعلم 22سالہ محمد حسن ولد محمد عارف تین روز سے اپنے گھر سوہدرہ سے غائب تھا۔

(جاری ہے)

اہل خانہ اسے تلاش کرتے رہے۔کچھ افراد نے گیمن پل کے نیچے پانی میں تیرتی نعش دیکھ کر صدر پولیس وزیرآباد کو مطلع کیا جنہوں نے نعش نکال کر وزیرآباد ہسپتال پہنچا دی۔نعش خراب ہو چکی تھی اور اس سے تعفن اٹھ رہا تھا۔جامہ تلاشی کے دوران کالج کا کارڈ برآمد ہو ا جس سے اسکی شناخت ہوئی۔ ورثاء کو مطلع کیا گیا جنہوں نے آکر نعش کی شناخت کرلی۔ لواحقین نے کوئی قانونی کار روائی کرنے سے انکار کر دیا اور نعش وصول کر کے سوہدرہ میں سپرد خاک کر دیا۔