چیمبر آفس بلڈنگ کی تعمیر کیلئے موزوں مقام پر اراضی الاٹ کرنے میں تعاون کیا جائے گا ٬گورنرپنجاب

بدھ 26 اکتوبر 2016 20:52

ڈی جی خان۔26 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء)ڈیرہ غازیخان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری جنوبی پنجاب کا اہم چیمبر ہے اسکی اپنی آفس بلڈنگ کی تعمیر کیلئے ڈی جی خان شہر میں کسی موزوں مقام پر قطہء اراضی الاٹ کرنے میں ہر ممکن تعاون کیا جائے گا ۔ اس ضمن میں ڈی سی او کو خصوصی ہدایات جاری کی جاتی ہیں۔ چیمبرز کا ملک کی اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ہے۔

جس علاقے کا بھی وزٹ کرتا ہوں وہاں کے چیمبر کا دورہ ضرور کرتا ہوں۔ ڈی جی خان ملک کے چاروں صوبوں کے درمیان واقع ہے اور اسکی بڑی جغرافیائی اہمیت ہے۔ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے ڈی جی خان چیمبر کے عہدیداران کی سرکٹ ہائوس میں منعقدہ تقریبِ حلف برداری اور اپنے اعزاز میں دی گئی ہائی ٹی کے موقع پر چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی سے بطور مہمانِ خصوصی اپنے خطاب میں کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں صدر چیمبر خواجہ محمد الیاس٬ سینئر نائب صدر محمد حنیف خان پتافی٬ نائب صدر شیخ طارق اسماعیل قریشی٬ سابق صدرو خواجہ محمد یونس٬ ذوالفقار علی خان نصوحہ٬ سید ظفر عباس نقوی٬ ایم این اے ڈاکٹر حافظ عبد الکریم٬ سردار امجد فاروق خان کھوسہ٬ بیگم شہناز سلیم٬ چیف تمن قیصرانی سردار میر بادشاہ قیصرانی٬ ایم پی اے سید عبد العلیم شاہ٬ سردار ممتاز خان قیصرانی٬ بیگم نجمہ ارشد٬ کمشنرڈی جی خان محمد یثرب ہنجرا٬ ڈی سی او ندیم الرحمان٬ ڈی پی او کیپٹن ( ریٹائرڈ) عطا محمدکے علاوہ انتظامی٬ سماجی ٬ تجارتی و کاروباری شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

گورنر پنجاب نے سپاس نامہ میں بیان کردہ نکات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مقامی سرمایہ کار سٹیٹ کے اندر سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہوں تو حکومت ڈی جی خان میںاسکے قیام کا جائزہ لے گی۔انہوں نے کہا کہ ڈی جی خان کارڈیالوجی سینٹر آئندہ پچاس سال کی ضروریات پوری کرے گا۔ وفاقی اور پنجاب حکومت صحت و تعلیم کیلئے ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے۔

بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کی خاطر بجلی کے نئے یونٹس لگائے جا رہے ہیں۔انہوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈیرہ کی کارکردگی اور طبی سہولتوں سے متعلق ڈی سی او سے رپورٹ بھی طلب کی ۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ کمیٹی کے بحال ہوتے ہی غازی یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا تقرر کر دیا جائے گا انہوں نے مزید کہا کہ بد قسمتی سے کچھ عناصر شہر بند کرکے ملکی ترقی کا راستہ روکنا چاہتے ہیںلیکن پاکستان کی ترقی کو کوئی نہیں روک سکتا دہشت گردی کے خلاف قوم٬ مسلح افواج ٬ پولیس اور دیگر اداروں نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے سانحہ کوئٹہ پر افسوس اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کا خون ایک دن رنگ لائے گا ۔اس موقع پر حافظ عبد الکریم نے شہیدوں کے ایصالِ ثواب کیلئے دعا کرائی۔اس سے قبل خواجہ محمد الیاس نے سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے گورنر پنجاب کے وزٹ کا خیر مقدم کیا اورڈی جی خان کو لائیو سٹاک ایکسپورٹ زون قرار دینے٬ فورٹ منرو کی ترقی٬ مظفر گڑھ۔

ڈی جی خان روڈ کی دو طرفہ تعمیر۔ ایئر پورٹ سے دبئی فلائٹ کی بحالی٬ چائنہ۔پاک اکنامک کاریڈور میں ڈی جی خان کی شمولیت٬ شہر میں کارڈیالوجی سینٹر کے قیام٬ورکرز ویلفیئر سکول اورسوشل سیکورٹی ہسپتال کی تعمیر اور ڈی جی خان ڈویژن میں تشکیل کردہ ضلعی انتظامی کمیٹیوں میں چیمبر کو نمائندگی دینے کے مطالبات پیش کئے ذوالفقار علی خان نصوحہ نے بھی اس موقع پر خطاب کیا جبکہ چیمبر کے سینئر نائب صدرمحمد حنیف خان پتافی نے مہمانوں سے اظہارِ تشکر کیا۔ تقریب کے آخر میں خواجہ محمد یونس نے ملک محمد رفیق رجوانہ کو چیمبر کی اعزازی شیلڈ پیش کی جبکہ گورنر نے تقریب میں موجود سیاسی رہنمائوں اور انتظامی افسران کو چیمبر کی جانب سے شیلڈز عطا کیں۔