بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن اراکین نے سانحہ پولیس ٹریننگ کالج کے بعدامن وامان کی صورتحال پر بحث کیلئے صوبائی اسمبلی کاخصوصی اجلاس بلانے کی ریکوزیشن جمع کرادی

بدھ 26 اکتوبر 2016 20:12

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اکتوبر2016ء) بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن اراکین نے پولیس ٹریننگ کالج کے واقعے کے بعدامن وامان کی صورتحال پر بحث کے لئے صوبائی اسمبلی کاخصوصی اجلاس بلانے کی ریکوزیشن جمع کرادی ٬ریکوزیشن اجلاس بلانے کے نوٹس پر قائد حزب اختلاف مولانا عبدالواسع اور ڈپٹی اپوزیشن لیڈر انجینئرزمرک سمیت حاجی عبدالمالک کاکڑ ٬ حاجی گل محمد دمڑ٬ سردار عبدالرحمان کھیتران ٬ مفتی گلاب خان کاکڑ ٬ مولوی معاذ اللہ موسیٰ خیل اورخواتین اراکین اسمبلی شاہدہ رئوف اور حسن بانو رخشانی نے دستخط کئے ہیں۔

(جاری ہے)

جمع کرائی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ 24اکتوبر کو پولیس ٹریننگ کالج میں تین خود کش حملہ آوروں نے فائرنگ اور دھماکے کرکے بلوچستان کے معصوم نوجوانوں کوبے دردی سے شہید کردیا۔ فورس جیسے ادارے جو عوام اور ریاست کے تحفظ کے رکھوالے ہوتے ہیں لیکن افسوس کی بات ہے کہ تحفظ دینے والے خود دہشت گردی کی بھینٹ چڑھ جاتے ہیں لہٰذا موجودہ صورتحال کے پیش نظر امن وامان کے حوالے سے حزب اختلاف کے اراکین اسمبلی فوری طور پر اسمبلی کا اجلاس بلانے کا نوٹس دیتے ہیں۔