دھرنے کے خلاف درخواست پر سیکرٹری داخلہ٬ آئی جی٬ چیف کمشنر اور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد (آج) طلب

بدھ 26 اکتوبر 2016 19:51

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کے دھرنے کے خلاف درخواست پر سیکرٹری داخلہ٬ آئی جی اسلام آباد ٬ چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو (آج) جمعرات کو طلب کرلیا۔ بدھ کو عدالت عالیہ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل سنگل بینچ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری اوردھرنا روکنے کے خلاف چارشہریوں کی جانب سے دائر درخواستوں کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کرنل ریٹائرڈ انعام الرحیم ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان عدالتوں کو مطلوب اور اشتہاری ملزم ہیں٬ عمران خان کسی قانون کو نہیں مانتے اور آئین پاکستان کے آرٹیکل 5کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔کرنل (ر) انعام الرحیم ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سٹوڈنٹس کے امتحانات ہیں اور پی ٹی آئی شہر بلاک کرنا چاہتی ہے٬ مریضوں کو بھی اسپتالوں میں جانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گاجس پر عدالت نے سیکرٹری داخلہ ٬آئی جی اسلام آباد پولیس٬چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو جمعرات کو طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔