ملتان میٹرو بس منصوبہ تیزی کے ساتھ تکمیل کی طرف گامزن٬میٹروبس اسٹیشنز کو بجلی کا کنکشن فراہم

بدھ 26 اکتوبر 2016 19:45

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اکتوبر2016ء) ملتان میٹرو بس منصوبہ تیزی کے ساتھ تکمیل کی طرف گامزن ہے۔ میپکو کی طرف سے بہائوالدین زکریا٬ بہادر پور٬ ابن القاسم٬ چوک کمہاراں والا اور شاہ رکن عالم میٹرو بس اسٹیشنز کو بجلی کا کنکشن فراہم کر دیا گیا ہے۔ اس ایریا میں گزشتہ شب سٹریٹ لائٹس روشن ہونے سے پورا روٹ جگ مگا اٹھا اورپوری شاہراہ نور میں نہا گئی۔

(جاری ہے)

میٹرو بس فلائی اوور کے پول پر ایل ای ڈی لائٹس لگائی گئی ہیں جبکہ کیرج وے کو روشن کرنے کیلئے پورے فلائی اوور پر فلڈ لائٹس کی طرز پر ٹینگو لائٹس فکس کی گئی ہیں۔ ان ٹینگو لائٹس کو روشن کرنے کیلئے بجلی کا کنکشن دینا ابھی باقی ہے۔ ٹینگو لائٹس آن ہونے کے بعد میٹرو بس روٹ مدینتہ الاولیاء ملتان کی سب سے روشن اور خوبصورت شاہراہ میں بدل جائے گی۔جن میٹرو بس اسٹیشنز پر ٹرانسفارمرز پیڈکی تعمیر مکمل ہو گئی ہے وہاں کنکشن دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ میبپکو میٹرواسٹیشنز کے ساتھ کیبل بچھانے کا عمل پہلے ہی مکمل کر چکی ہے اور روٹ پر واقع تمام سب ڈویژن کو مٹیریل فراہم کر دیا گیا ہے۔ ہر میٹرو بس اسٹیشنزپر جدید طرز کا الگ الگ ٹرانسفارمر نصب کیا جا رہا ہے۔