ہماری آج کی پولیس ماضی کی پولیس سے بالکل مختلف ہے٬ ناصر خان درانی

کوئٹہ حملے کے بعد پشاور ٬مردان انتہائی حساس ہیں ٬سیکورٹی کا ازسر نو جائزہ لیا جا رہا ہے٬آئی جی کاافتتاحی تقریب سے خطاب

بدھ 26 اکتوبر 2016 19:33

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2016ء) آئی جی خیبر پختونخواہ ناصر خان درانی نے کہا ہے کہ کوئٹہ حملے کے بعد پشاور اور مردان انتہائی حساس ہیں ٬سیکورٹی کا ازسر نو جائزہ لیا جا رہا ہے۔آئی جی خیبر پختونخواہ نے مردان میں پولیس اسسٹنس لائن کا افتتاح کیا٬ مردان پولیس کے زیر اہتمام اس مرکز میں شہریوں کو پولیس سے متعلق اپنے روزمرہ مسائل کا حل اور سہولیات ایک چھت کے نیچے کم از کم وقت میں ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جائیگی٬ جن میں ہر قسم کے ایف آئی آر کا اندراج٬ کرایہ دار سے متعلق معلومات کی رپورٹنگ٬ قومی شناختی کارڈ و گاڑیوں کی تصدیق٬ پولیس کے ذریعے چال چلن کی تصدیق ٬ سرٹیفیکٹ وغیرہ کے علاوہ قانونی مشاورت سے متعلق الگ الگ کاؤنٹرز کا قیام شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی مردان ریجن محمد اعجاز٬ ڈی پی او مردان فیصل شہزاد٬ ایس پی آپریشن مردان شفیع اللہ خان گنڈاپور کے علاوہ دیگر اعلی پولیس حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔آئی جی پی نے اس منفرد پولیس خدماتی مرکز کے قیام کو پولیس اور عوام کے مابین تعاون اور دوستی کی جانب سنگ میل قدم قرار دیتے ہوئے اس بات پر خوشی کا اظہار کیاکہ ہماری آج کی پولیس ماضی کی پولیس سے بالکل مختلف ہے٬ اب ان کی انسانیت دوستی ٬مظلوم کی داد رسی ٬ جرائم کی بیخ کنی اور میرٹ و قانون کی بالادستی سامنے آئیگی۔دریں اسنا آنسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخواہ ناصرخان درانی نے مردان میں ڈی آر سی(مصالحتی کمیٹی دفتر) تھانہ سٹی٬ پولیس کلب (پولیس لائن ) ٬ انیکسی ہال اور ایم ٹی پولیس لائن کا بھی دورہ کیا۔

متعلقہ عنوان :