بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ ٬ْ مزید تین پاکستانی شہری شہید ٬ْ آٹھ زخمی

دفتر خارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے مسلسل سرحدی خلاف ورزیوں کیخلاف شدید احتجاج ریکارڈ کرایا

بدھ 26 اکتوبر 2016 19:33

سیالکوٹ/راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2016ء) ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے مزید تین پاکستانی شہری شہید اور آٹھ زخمی ہوگئے ۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق چپرار سیکٹر میں کی جانے والی فائرنگ سے دو عام شہری جاں بحق اور آٹھ زخمی ہوئے ہیں۔بیان کے مطابق پاکستان رینجرز نے انڈین فائرنگ کا بھرپور جواب دیا۔

شہید ہونے والا تیسرا شہری لائن آف کنٹرول کی وادی سونا کا رہائشی سکندر تھا جو منگل کو بھاتی فائرنگ سے زخمی ہوا تھا اور بدھ کو سی ایم ایچ کھاریاں میں انتقال کر گیا۔دوسری جانب بدھ کو بھی دفتر خارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کر کے مسلسل سرحدی خلاف ورزیوں کیخلاف شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔

(جاری ہے)

بھارتی فورسز کی جانب سی25 اور 26اکتوبر کو چپرار اور ہرپال سیکٹرز میں ورکنگ باونڈری اور بھمبر سیکٹر میں ایل او سی پر بلا اشتعال سیز فائر کی خلاف ورزی کی جس کے نتیجے میں دو سویلین شہید اور نو زخمی ہوگئے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو طلب کر کے بھارتی فوج کی جانب سے ورکنگ باونڈری اور ایل او سی پر جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج ریکارڈ کریا گیا۔ دفتر خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل جنوبی ایشیاء و سارک نے احتجاجی مراسلہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کے حوالے کیا۔ بھارت سے کہا گیا کہ وہ واقعہ کی تحقیات کرے اور اس کے نتائج سے پاکستان کو آگاہ کرے۔ بھارت اپنی فوج کو جنگ بندی معاہدے کی اسکی روح کے مطابق پاسداری کرنیکی ہدایت اور دانستہ طور پر دیہات کو نشانہ بنانے سے گریز کرے اور ورکنگ باونڈری پر امن برقرار رکھے۔