سینیٹ قائمہ کمیٹی ہائوسنگ اینڈ ورکس کا بارہ کہو ہائوسنگ سکیم کی تاخیر پر برہمی کا اظہا ر٬ ایف جی ای ایچ ایف سے نیب رپورٹ ٬ زمین میںکمی ٬ متبادل زمین کی فراہمی ٬ گرین ٹری اور فائونڈیشن کے درمیان اصل معاہدے میںپیش رفت بارے تفصیلی رپورٹ طلب

بھارہ کہو ہائوسنگ سکیم میںفائونڈیشن کے ترقیاتی کام کے جلد آغاز کیلئے سینیٹر سعید الحسن مندوخیل کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی تشکیل ہائوسنگ سکیم کیلئے خرید کردہ زمین میں ڈیڑھ ارب کی بد عنوانی کی گئی٬3244 کنال زمین کا نقشہ سی ڈی اے نے پہلے منظور کیا بعد ازاں نقشے میں زمین میں کمی کیوں واقع ہوئی ٬ سینیٹر اعظم موسی ٰ خیل

بدھ 26 اکتوبر 2016 19:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اکتوبر2016ء) سینیٹ قائمہ کمیٹی ہائوسنگ اینڈ ورکس نے بارہ کہو ہائوسنگ سکیم کی تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہائوسنگ فائونڈیشن سے سکیم کے حوالے سے نیب کی رپورٹ ٬ گرین ٹری کے مالک کی شکایات ٬ زمین میںکمی ٬ متبادل زمین کی فراہمی ٬ بھارہ کہو ہائوسنگ سکیم تک سو فٹ سٹرک کیلئے درکار50 کنال زمین ٬ گرین ٹری اور فائونڈیشن کے درمیان ہونے والے اصل معاہدے میںپیش رفت کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔

کمیٹی نے بھارہ کہو ہائوسنگ سکیم میںفائونڈیشن کے ترقیاتی کام کے جلد آغاز کیلئے سینیٹر سعید الحسن مندوخیل کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی تشکیل دیدی۔بدھ کو کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سینیٹر مولانا تنویر الحق تھانوی کی زیر صدارت ہوا ٬جس میں کمیٹی ارکان ٬وزارت ہائوسنگ کے سینئر جوائنٹ سیکرٹری اختر جان وزیر٬ ڈی جی ہائوسنگ فائونڈیشن وقاص محمود ٬ گرین ٹری کے حفیظ عباسی اور نیسپاک کے ناصر اختر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں رکن سینیٹر اعظم خان موسیٰ خیل نے کہا کہ خرید کردہ زمین میں ڈیڑھ ارب کی بد عنوانی کی گئی٬3244 کنال زمین کا نقشہ سی ڈی اے نے پہلے منظور کیا بعد ازاں نقشے میں زمین میں کمی کیوں واقع ہوئی ۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر مولانا تنویر الحق تھانوی نے کہا کہ آئندہ اجلاس میں نیب کی رپورٹ ٬ گرین ٹری کے مالک کی شکایات ٬ زمین میںکمی ٬ متبادل زمین کی فراہمی ٬ بھارہ کہو ہائوسنگ سکیم تک سو فٹ سٹرک کیلئے درکار50 کنال زمین ٬ گرین ٹری اور فائونڈیشن کے درمیان ہونے والے اصل معاہدے میںپیش رفت کی ڈی جی فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہائوسنگ فائونڈیشن تفصیلی رپورٹ دیں ۔

چیئرمین کمیٹی سینیٹر مولانا تنویر الحق تھانوی نے فائونڈیشن کی جانب سے نیب میں بطور ضمانت جمع کرائے گئے 68 کروڑ روپے کے پے آرڈر کی قانونی حیثیت کا سوال اٹھایا ۔ ڈائریکٹر جنرل فائونڈیشن نے آگاہ کیا کہ گرین ٹری کے اعتماد کیلئے نیب میں چیک بطور ضمانت رکھا گیا ہے۔ سرکاری رقم محفوظ ہے ۔ سینیٹر سجاد حسین طوری نے کہا کہ قومی خزانے کو 40 لاکھ ماہانہ نقصان ہو رہا ہے ۔

سینیٹر سعید الحسن مندوخیل نے کہاکہ معاہدے پر مکمل عمل درآمد ہو تو زمین مالکان کا بھی نقصان نہیں ہوگا۔سینیٹر شاہی سید نے کہا کہ ذیلی کمیٹی کی وجہ سے سی ڈی اے کے اعتراضات دور ہو گئے ہیں ۔ زمین مالک نے ایکسپریس وے سے انگوری روڈ تک سٹرک کیلئے زمین فراہم کرنی ہے ۔آٹھ سوکنال پہاڑی علاقے کی متبادل زمین کا انتقال کروانا ہے ۔نیب کے ساتھ زمین مالک کی موجودگی میں مذاکرات ہو رہے ہیں ۔

حل کیلئے پیش رفت جاری ہے ۔ گرین ٹری کے حفیظ عباسی نے کہا کہ آٹھ سو کنال متبادل زمین کی فراہمی کیلئے تیار ہوں اصل بنیادی معاہدے کی شرائط پوری کر کے کل ادائیگی کی جائے ۔ سی ڈی اے ریگولیشنز کے تحت معاہدے کے مطابق پلاٹ فراہم کرنے کا پابند ہوں۔ اجلاس میں ذیلی کمیٹی کی رپورٹ پیش کی گئی جسے اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا ۔ ہائوسنگ فائونڈیشن کے تعمیراتی کاموں میںتیزی لانے بقیہ زمین کے انتقال زمین مالک کے واجبات کی ادائیگی ٬ زمین کا موقع پر قبضہ اور بھارہ کہو ہائوسنگ سکیم میںفائونڈیشن کے ترقیاتی کام کے جلد آغاز کیلئے سینیٹر سعید الحسن مندوخیل کی سربراہی میں سینیٹر ز شاہی سید اور سجاد حسین طوری مشتمل ذیلی کمیٹی تشکیل دی ۔

جس کے اجلاس میں محرک سینیٹر اعظم خان موسیٰ خیل ٬ ڈائریکٹر جنرل نیب ٬ ڈی جی ہائوسنگ فائونڈیشن٬ گرین ٹری کے مالک شرکت کریں گے ۔(رڈ)

متعلقہ عنوان :