آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی پولیس کو ہندو برادری کے مذہبی تہوار دیوالی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کی ہدایت

بدھ 26 اکتوبر 2016 19:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اکتوبر2016ء) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ہندو برادری کے مذہبی تہوار دیوالی کے موقع پر سیکیورٹی کے مجموعی اقدامات کو غیر معمولی بنایا جائے انہوں نے کہا کہ دیوالی کے تین روزہ تہوار کے سلسلے میں منعقد کی جانے والی مذہبی تقریب لکشمی پوجا میں شرکت کرنے والے افراد٬پجاریوں و دیگر اہم شخصیات اور منتظمین وغیرہ کی سیکیورٹی کے ضمن میں پولیس رینج٬ڈسٹرکٹس اور زونز کی سطح پر ٹھوس سیکیورٹی حکمت عملی کے تحت تمام تر اقدامات کئے جائیں اور اس حوالے سے انٹیلی جینس بڑھانے کے ساتھ ساتھ قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں سے مربوط روابط اور معلومات کی شیئرنگ سمیت فوری کاروائی کو خصوصی اہمیت دی جائے٬انہوں نے تمام ضلعی پولیس افسران کو ہدایات جاری کیں کہ دیوالی کی تقریبات کی مناسبت سے پولیس پکٹنگ٬رینڈم اسنیپ چیکنگ سمیت موبائل موٹر سائیکل گشت کے اقدامات اس طرح ترتیب دیئے جائیں کہ مندروں پر بھی سیکیورٹی نگرانی کے عمل کو غیر معمولی بنایا جاسکے ٬ترجمان سندھ پولیس نے دفتر سے جاری ایک اعلامیئے میں کہا ہے کہ بالخصوص مندروں و دیگر کسی بھی مقام وغیرہ پر کوئی مشکوک سرگرمی مشتبہ عناصر یا گاڑی٬بیگ پارسل بریف کیس٬تھیلا وغیرہ دکھائی دے تو فوری طور پر مددگار کال سینٹر٬ ڈی آئی جیز ٬ ایس ایس پیز دفاتر یا قریبی تھانہ کو اطلاع دیں۔

متعلقہ عنوان :