پولیس ٹریننگ کالج کوئٹہ میں پیش آنے والے ہولناک سانحے کے بعد ریلوے سکھر ڈویژن میں سیکورٹی ہائی الرٹ جاری

بدھ 26 اکتوبر 2016 19:01

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2016ء) پولیس ٹریننگ کالج کوئٹہ میں پیش آنے والے ہولناک سانحے کے بعد ریلوے سکھر ڈویژن میں سیکورٹی ہائی الرٹ جاری کردیا گیا٬سکھر ٹنڈو آدم٬ صادق آباد٬ جیکب آباد اور کشمور تک ریلوے ٹریک کی خصوصی حفاظت کے لئے موٹر ٹرالیاں چلائی گئیں٬ کشمور تا جیکب آباد ٹریک پیٹرولنگ پر سیکورٹی کا جائزہ لینے کے لئے تین انسپکٹرز پر مشتمل ٹیم تشکیل دے دی گئی٬ ایس پی ریلوے سیکورٹی کی صورتحال کی خود نگرانی کرنے میں مصروف۔

تفصیلات کے مطابق پولیس ٹریننگ کالج کوئٹہ میں پیش آنے والے ہولناک سانحے کے بعد ریلوے املاک اور مسافروں کی سیکورٹی کے ساتھ ساتھ حفاظتی انتظامات کو بہتر بنانے کے لئے آئی جی ریلوے منیر احمد چشتی کی خصوصی ہدایت پر ایس پی ریلوے ملک محمد عتیق نے پورے ڈویژن میں سیکورٹی ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے ریلوے پولیس اہلکاروں و افسران کو الرٹ رہنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں٬جبکہ کشمور تا جیکب آباد ٹریک پیٹرولنگ پر سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ایس پی ریلوے نے تین انسپکٹرز پر مشتمل ٹیم بھی تشکیل دے دی ہے٬ اس کے علاوہ سکھر ڈویژن میں ریلوے ٹریک کی سیکورٹی کو زیادہ بہتر اور محفوظ بنانے کے لئے پورے ڈویژن کے مختلف سیکشنوں پر موٹر ٹرالیوں کے ذریعے ریلوے ٹریک پر گشت شروع کردیا گیا ہے ان ریلوے ٹرالیوں پر جدید اسلحہ سے لیس ریلوے پولیس کے کمانڈوز تعینات کردیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں ایس پی ریلوے ملک محمد عتیق نے ریلوے پولیس کے تمام ایس ایچ اوز کو چوبیس گھنٹے اسٹیشنوں پر حاضری کو یقینی بنانے کے احکامات دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے سیکورٹی کے انتظامات انتہائی سخت کردیئے گئے ہیں٬ مسافروں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیحات میں شامل ہے٬ ریلوے پولیس کے افسران و اہلکار اپنی ڈیوٹی احسن طریقے سے انجام دیں بصورت دیگر غفلت کے مرتکب اہلکاروں و افسران کے خلاف بھرپور محکمہ جاتی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :