نساسک کی ناقص کارکردگی ٬ سکھر ڈویلپمنٹ الائنس سراپا احتجاج٬ نااہل افسران کے خلاف احتجاجی ریلی

بدھ 26 اکتوبر 2016 19:01

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2016ء)نساسک کی ناقص کارکردگی ٬ سکھر ڈویلپمنٹ الائنس سراپا احتجاج٬ نااہل افسران کے خلاف احتجاجی ریلی ٬ فلک شگاف نعرے بازی ٬ بھاری تنخواہیں اور مراعات لینے کے باوجود نساسک انتظامیہ شہر میں صفائی ستھرائی کی ذمہ داری انجام دینے میںناکام ہوچکی ہے٬ جاوید میمن تفصیلات کے مطابق سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کی جانب سے نساسک کی ناقص کارکردگی کے خلاف مرچ بازار پان منڈی سے گھنٹہ گھر چوک تک احتجاجی ریلی نیکالی گئی٬ریلی کی قیادت سکھر ڈویلپمنٹ الائنس کے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن ٬ ڈاکٹر سعید احمد اعوان ٬ غلام مصطفی پھلپوٹو٬ رضوان قادری٬ سید عمران شاہ٬ آغا محمد اکرم٬ حبیب ناصر٬ توفیق بندھانی٬لالہ انڑ و دیگرنے بڑی تعداد میںشرکت کی۔

(جاری ہے)

ریلی کے شرکاء نے نساسک انتظامیہ کے خلاف زبردست نعرے بازی بھی کی۔ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر نساسک کے خلاف تحریری درج تھیں۔ گھنٹہ گھر چوک پر احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایس ڈی اے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن و دیگر رہنمائوں کا کہنا تھا کہ بھاری تنخواہیں اور مراعات لینے کے باوجود نساسک انتظامیہ شہر میں صفائی ستھرائی کی ذمہ داری انجام دینے میںناکام ہوچکی ہے٬نساسک نے شہر میں صفائی ستھرائی کرنے کے بجائے شہر کو کچرہ کنڈی میں تبدیل کردیا ہے٬ شہر بھر میں لگے گند کچرے کے ڈھیروں اور اس سے اٹھنے والے تعفن٬ مفلوج نکاسی نظام اور پینے کا انتہائی بدبودار پانی سپلائی کرنے کی وجہ سے شہری انتہائی اذیت ناک صورتحال سے دوچار ہیں٬ مضرصحت پانی کی فراہمی کی وجہ سے شہری موذی امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔

اس کے باوجود شہر کے منتخب نمائندے ٬ انتظامیہ شہر میں صفائی ستھرائی اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھانے کو تیار نہیں ۔ ان کا کہنا تھاکہ ہم نے متعدد مرتبہ شہر کی بہتری کیلئے انتظامیہ سے ملاقاتیں کر کے شہری مسائل حل کرنے پر زور دیا لیکن انتظامیہ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینتگی آج مجبور ہوکر ہم سڑکوں پر نکلے ہیں اور ہماری یہ احتجاجی تحریک اس وقت تک جاری رہے گی جب تک شہری مسائل کے حل کیلئے عملی طور پر اقداما ت نہیں اٹھائے جاتے ٬ انہوںنے کہا کہ نساسک انتظامیہ شہرمیں صفائی ستھرائی کا نظام بہتر بنانے میںمکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے٬حکومت فوری طور پر نساسک سے معاہدہ ختم کر کے شہر کی ابتر حالت زار بہتر بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے ٬ اس موقع پر انہوں نے 30اکتوبر بروز اتوار کے روز دوپہر 2:00 بجے نساسک کے خلاف واریتڑ روڈ پر بھی احتجاجی مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا۔