ریٹرننگ افسر نے ”پنکچر ‘ لگا دیا

Mohammad Ali IPA محمد علی بدھ 26 اکتوبر 2016 18:14

سمبڑیال (اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 26 اکتوبر۔2016ء)یونین کونسل 121 بدوکے چیمہ میں اقلیتی نشست پر بلامقابلہ منتخب ہونے والے امیدوارکے خلاف لسٹ شائع ہونے کے 8 روز بعد ریٹرنگ آفیسر نے ایک اور امیدوار کو نشان الاٹ کردیا۔ یونین کونسل 121 بدوکے چیمہ تحصیل سمبڑیال میں 5 مخصوص نشستوں جن میں 2خواتین 1 اقلیتی اور1کسان سیٹ پر ریٹرنگ آفیسر ڈاکٹرآصف ضیاء نے امیدواروں کو نشانات الاٹ کردیئے جبکہ ریٹرنگ آفیسر نے 18 اکتوبر کو اپنے دفتر کے باہر آویزاں کردہ لسٹ میں ایک اقلیتی کونسلر سرفراز سہوترا کو بلامقابلہ کامیاب قرار دے دیا تھا لیکن گزشتہ روز مخصوص نشستوں پر انتخابی نشانات الاٹ ہونے کے روز ریٹرنگ آفیسر ڈاکٹر آصف ضیاء نے مبینہ طور پر اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ملی بھگت سے1 اوراقلیتی امیدوار آر سین مسیح کو بھی نشان الاٹ کردیا ہے ،واضع رہے کہ اس کی درخواست پہلے ریٹرنگ آفیسر کے پاس جمع نہ تھی، اس ضمن میں رابطہ پر ریٹرنگ آفیسر ڈاکٹر ضیا ء نے بتایا کہ غلطی سے اقلیتی امیدوار آرسین کی فائل گم ہوگئی تھی اس لیے اب دوبارہ اس کی درخواست کو شامل کر کے نشان الاٹ کیا گیا ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء یونین کونسل بدوکے چیمہ سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین جمشید اسلم چیمہ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ریٹرنگ آفیسر نے حکومتی دباؤ اوربھاری رشوت لے کر 7رو ز قبل فائنل لسٹ شائع ہونے کے بعد اب ایک اور اقلیتی امیدوار کی درخواست کو شامل کر کے غیر قانونی طور پر نشان الاٹ کیا ہے ،انہوں نے چیف جسٹس ہائیکورٹ ، الیکشن کمیشن اورڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر سے فوری نوٹس لے کر ریٹرنگ آفیسر کے خلاف قانونی کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔