سوات :جنرل کونسلر امانت خان پر اغوائیگی کی جعلی ایف آئی آر درج کرنے اور گرفتار کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

بدھ 26 اکتوبر 2016 18:24

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اکتوبر2016ء) سوات کی یونین کونسل قلاگے کے عمائدین نے جنرل کونسلر امانت خان پر اغوائیگی کی جعلی ایف آئی آر درج کرنے اور گرفتار کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور پولیس حکام سے اعلیٰ سطح پر تحقیقات کا مطالبہ کیا ٬ سوات پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یونین کونسل قلاگے (کبل ) کے ضلعی کونسلر حیات خان٬ عمائدین علاقہ تاج محمد خان ٬ افضل خان ٬ سرزمین خان اور دیگر نے کہا کہ علاقہ قلاگے کی رہائشی لڑکی کلثوم بی بی دختر پیر محمد خان (مرحوم ) کا نکاح شریعت محمدیؐ کے تحت 19اپریل 2015 کو اتحاد ٹاؤن کراچی کے رہائشی نوجوان شیرزادہ ولد شیرین زادہ سے ہوا تھا جس کے گواہان موجود ہیں اور بعد ازاں لڑکی کے چچا خان بہادر اور دادی مسماة بخت سردارہ نے اسکی شادی کراکر بریکوٹ میں رخصتی ہوئی جس کے بعد نو بیاہتا جوڑا خاندان سمیت کراچی چلا گیا جہاں پر لڑکی کلثوم کو اس کے چچا بہادر خان نے ہمارے مخالفین کے کہنے پر ورغلا کر اغواء کا ڈرامہ رچایا اور کلثوم نے جنرل کونسلر امانت خان ٬ اپنی دادی سمیت 10 افراد پر اغواء کرکے شیر زادہ پر فروخت کرنے کا الزام لگا کر کراچی امیں ایف آئی آر درج کرائی ہے جبکہ اپنے شوہر کو بھی معاف نہیں کیا اور شیر زادہ کے خلاف بھی مقدمہ درج کرکے پابند سلاسل کردیا گیا٬ انہوں نے کہا کہ کبل پولیس نے غیر مصدقہ دستاویزات پر کارروائی کرکے صرف جنرل کونسلر امانت خان کو گرفتار کیا جو اب بھی تیمر گرہ جیل میں قید ہے جبکہ دیگر 9ملزمان کو تاحال گرفتار نہیں کیا گیا ہے جو سراسر نا انصافی ہے ٬ ضلعی کونسلر حیات خان نے بتایا کہ پولیس ہمارے مخالفین کے ساتھ ملی ہوئی ہے اور ہمارے ساتھ انصاف نہیں کررہی ہے ٬ انہوں نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک ٬ وزیراعلیٰ سند ھ مراد علی شاہ اور دونوں صوبوں کے آئی جی پولیس سے اپیل کی کہ وہ اس ضمن میں اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیدے اور اپنی پھوپھی کے گھر رہائش پذیر کلثوم سے بھی تحقیقات کی جائیں ٬ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس نکاح نامے سمیت دیگر تمام دستاویزات موجود ہیں اس لئے انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے مخالفین کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے بصورت دیگر ہم شدید احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :