قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ سے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کی ملاقات٬ پولیس ٹریننگ کالج کوئٹہ میں دہشت گردی کے حملہ٬ انسداد دہشت گردی آپریشن اور کراس بارڈر حملوں کے امور زیر غور آئے

بدھ 26 اکتوبر 2016 18:21

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء) قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ سے امریکہ کے سفیر ڈیوڈ ہیل نے ملاقات کی جس میں پولیس ٹریننگ کالج کوئٹہ میں دہشت گردی کے حملہ٬ انسداد دہشت گردی آپریشن اور کراس بارڈر حملوں کے امور زیر غور آئے۔ امریکہ کے سفیر ڈیوڈ ہیل نے پولیس ٹریننگ کالج کوئٹہ میں دہشت گردی کے حملہ کی شدید مذمت کی اور اس ضمن میں ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی۔

قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے قومی ایکشن پلان کے ذریعہ پاکستان کی مجموعی سکیورٹی کو بہتر بنانے کی کوششوں کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے این ڈی ایس اور راء کی قیادت میں افغانستان میں قائم دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو توڑنے کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پولیس ٹریننگ سینٹر کوئٹہ میں حملہ کرنے والے دہشت گرد مسلسل افغانستان میں اپنی قیادت کے ساتھ رابطہ میں تھے٬ پاکستان کو اس حوالہ سے امریکہ کے تعاون کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن پاکستان میں امن سے براہ راست منسلک ہے٬ افغانستان میں سیاسی مصلحت خطہ میں امن قائم کرے گی۔ امریکہ کے سفیر نے قومی سلامتی کے مشیر کو افغانستان میں سکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانے کے حوالہ سے امریکہ کے اقدامات سے آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :