پاکستان بھارت کے ساتھ تنازعہ کشمیر سمیت تمام مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے٬بھارت چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ کو ناکام بنانے کیلئے بلوچستان سمیت ملک کے مختلف حصوں میں دہشت گردی کرا رہا ہے٬ پاکستان٬آزاد کشمیر سمیت دنیا بھر میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم بے نقاب کرنے کیلئے (آج) یوم سیاہ منایا جائے گا

وفاقی وزیر برائے امور کشمیر برجیس طاہر کا پریس کانفرنس سے خطاب

بدھ 26 اکتوبر 2016 18:21

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان برجیس طاہر نے کہا ہے کہ پاکستان٬آزاد کشمیر سمیت دنیا بھر میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم بے نقاب کرنے کیلئے (آج) جمعرات کو یوم سیاہ اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایا جائے گا کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول تک ان کی جدوجہد آزادی جاری رہے گی٬ پاکستان بھارت کے ساتھ تنازعہ کشمیر سمیت تمام مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے٬ بھارت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد میں روڑے اٹکا رہا ہے٬ پاکستان نے عالمی سطح پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو موثر انداز میں بے نقاب کیا ہے٬ بھارت چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ کو ناکام بنانے کیلئے بلوچستان سمیت ملک کے مختلف حصوں میں دہشت گردی کرا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں غاصبانہ قبضہ کیا٬ مجاہدین اور قبائلیوں نے جدوجہد کرکے آزاد کشمیر کو بھارت کے قبضہ سے آزاد کرایا٬ مقبوضہ کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ میں 13 قراردادیں منظور کی گئی ہیں تاہم اقوام متحدہ ان قراردادوں پر عملدرآمد کرانے میں ناکام رہا ہے اور وہ مقبوضہ کشمیر کے بارے میں اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کے حوالہ سے دوہرے معیار کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا ہے جبکہ پاکستان نے مختلف ممالک میں اراکین پارلیمنٹ پر مشتمل وفود مسئلہ کشمیر اور پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کرنے کیلئے بھیجے ہیں جس کے بہتر نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منانے کیلئے ہماری حکومت اور وزارت نے متعدد اجلاس طلب کئے جس میں وفاقی اداروں کے علاوہ صوبائی حکومت کے نمائندگان کو بھی مدعو کیا گیا اور 27 اکتوبر کو یوم سیاہ بھرپور طریقے سے منانے کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر یوم سیاہ بھرپور طریقے سے منایا جائے گا٬ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے سفارتخانے ٹاک شوز کا انعقادکرکے یوم سیاہ ڈے کے حوالہ سے حقائق دنیا کے سامنے لائیں گے۔ ہمارے فارن مشنز مختلف سیمیناز اور تصویری نمائش کے ذریعے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی ظلم اور بربریت خصوصی طورپر تشدد کی حالیہ لہر کو دنیا کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

دانشوروں اور صحافیوں کے انٹرویوز کے ذریعے آج سے 69 سال قبل ہونے والی بھارتی ناانصافی٬ جارحیت اور مقبوضہ کشمیر پر ناجائز قبضہ پر پاکستان اور کشمیری عوام کا مؤقف واضح کیا جائے گا۔ بھارتی افواج کے نہتے معصوم کشمیری عوام کو پیلٹ گنز سے شہید اور نابینا کرنے سے متعلق مظالم کو ویڈیو ڈاکومنٹری کے ذریعے بے نقاب کیا جائے گا۔ اس موقع پر کشمیر سے متعلق تحریری مواد تقسیم کیا جائے گا تاکہ اس دن کے حوالے سے عالمی برادری میں آگاہی بڑھائی جا سکے۔

اقوام متحدہ کے دفاتر کے سامنے اور بھارتی سفارتخانوں کے سامنے احتجاجی ر یلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ بھارتی غاصبانہ قبضہ کو بے نقاب کرنے کیلئے اہم مقامات پر بنیرز آویزاں کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر یوم سیاہ کو بھرپور طریقے سے منانے کیلئے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں اور اس بات کو مدنظر رکھا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں موجودہ بھارتی ظلم و بربریت کی اس لہر اور 69 سال قبل 27 اکتوبر1947ء کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر پر ناجائز قبضہ کے خلاف اپنا شدید ردعمل اور احتجاج ریکارڈ کرایا جا سکے۔

وزارت امور کشمیر یوم سیاہ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے حوالہ سے تمام سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کرے گی۔ صدر اور وزیراعظم پاکستان کی جانب سے یوم سیاہ کے حوالہ سے خصوصی پیغامات نشر کئے جائیں گے جس میں مقبوضہ کشمیر پر بھارتی غاصبانہ قبضہ کی بھرپور مذمت کی جائے گی۔ اس کے علاوہ صدر آزاد کشمیر اور وزیراعظم آزاد کشمیر کے پیغامات اور انٹرویوز کو نشر کرنے کے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سمیت تمام صوبائی دارالحکومتوں میں یوم سیاہ کے حوالہ سے احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی جس میں مقبوضہ کشمیر پر بھارتی غاصبانہ قبضہ کی بھرپور مذمت کی جائے گی۔ برجیس طاہر نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی ناجائز قبضہ کے خلاف اقوام متحدہ کو یادداشت پیش کی جائے گی تاکہ اقوام متحدہ اپنی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر جلد سے جلد عملدرآمد کرے۔

انہوں نے کہا کہ تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر یوم سیاہ کے حوالہ سے خصوصی بینرز آویزاں کئے جائیں گے تاکہ بیرون ملک سے آنے والے لوگ یوم سیاہ کے دن کی اہمیت کو سمجھ سکیں۔ وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات آزاد جموں و کشمیر ٹی وی٬ پی ٹی وی اور پی ٹی وی ورلڈ٬ ریڈیو اور دیگر الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے اس دن کی اہمیت کے حوالہ سے کئی پرواگرا مز نشر کر ے گی۔

اس کے علاوہ کشمیر سے متعلق دستاویزی فلمز چلائی جائیں گی٬ کشمیر کے موضوع پر مختلف ٹاک شوزکا انعقاد کیا جائے گا٬ نامور کشمیری رہنمائوں کے انٹرویوز شائع کئے جائیں گے۔ سی ڈی اے٬ کیڈ اور اسلام آباد انتظامیہ بھی یوم سیاہ کشمیر کے حوالہ سے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی تاکہ اس دن کو انتہائی جوش وجذبہ سے منایا جا سکے اور اپنے کشمیری بھائیوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کر سکے۔

صوبائی دارالحکومت کی خصوصی تقاریب میں وزراء اعلیٰ شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ صوبائی حکومتوں سے خصوصی درخواست کی گئی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے حالات کے تناظر میں اس مرتبہ یوم سیاہ کو بھرپور طریقے سے منانے کیلئے اقدامات کریں٬ صوبوں میں بھی تقریری مقابلے اور تصویری نمائشیں لگائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر سے بھی تحریک آزادی کے حامی رہنمائوں کے خصوصی انڑویوز نشر کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یوم سیاہ کے حوالہ سے تحریک آزادی کے بیس کیمپ یعنی کے آزاد کشمیر میں اس حوالہ سے بھرپور تیاریاں کی گئی ہیں اور مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر کے تمام ضلعی ہیڈکواٹرز پر تقاریر منعقد کی جائیں گی٬ احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی اور دنیا کو یہ بتایا جائے گا کہ بین الاقوامی برادری کی بے حسی٬ دوہرے معیار اور بھارتی ناانصافی اور مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کی وجہ سے آج جنوبی ایشیاء کا پورا خطہ آگ کی لپیٹ میں ہے جس کا ازالہ کئے بغیر اس خطہ میں پائیدار امن کا قیام نا ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اور حکومت دنیا کو بتائیں گے کہ وہ بھارتی جارحیت سے مرعوب نہیں ہونے والے اور پاکستان سمیت آزاد کشمیر کے عوام مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود مظفر آباد میں احتجاجی ریلی میں شرکت کریںگے اور وفاقی نمائندے کی حیثیت سے آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اپنی بھرپور یکجہتی کا اظہار کریں گے۔