دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کرنیوالے ڈاکٹرز کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائیگی ‘ڈی سی او عمارہ خان

وزیر اعلی پنجاب کی طرف سے اعلان کردہ 50ہزار روپے کا چیک سرجن ڈاکٹر عارف عظیم کو دیدیا گیا ‘ہسپتالوں کو مریضوں کیلئے حقیقی معنوں میں شفاخانے بنانے کیلئے ملکر اقدامات کرنا ہونگے ‘ڈی سی او قصور عمارہ خان

بدھ 26 اکتوبر 2016 17:46

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2016ء) ڈی سی او عمارہ خان نے کہا کہ دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کرنیوالے ڈاکٹرز کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائیگی ‘وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی خصوصی ہدایت پر عوام الناس کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائیگا ‘ضلعی حکومت تمام سرکاری ہسپتالوں میں بہترین طبی سہولیات کی فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کا رلا رہی ہے ۔

یہ بات انہوں نے وزیر اعلی پنجاب کی طرف سے ڈی ایچ کیو ہسپتال دورہ کے موقع پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر اعلان کردہ 50ہزار روپے کا چیک سرجن ڈاکٹر عارف عظیم کو دینے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر جاوید اقبال بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈی سی او عمارہ خان نے اس موقع پر کہا کہ خلق خدا کی خدمت ایک عبادت سے کم نہیں اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے سرجن ڈاکٹر عارف عظیم نے مریضوں کے علاج کیلئے صحیح معنوں میں مسیحا بن کر ایک قابل تقلید مثال قائم کی ہے جس پر انہیں پنجاب حکومت کی طرف سے 50ہزار روپے اور تعریفی سرٹیفکیٹ دیا گیا ہے ۔

ڈی سی او نے کہا کہ دکھی انسانیت کی بے لوث جذبے کے ساتھ خدمت کرنے والے ڈاکٹروں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائیگی ۔ ہسپتالوں کو مریضوں کیلئے حقیقی معنوں میں شفاخانے بنانے کیلئے ہم سب کو ملکر اقدامات کرنا ہونگے تا کہ عام آدمی کو معیاری علاج کی سہولیات میسر آسکیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت صحت عامہ کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے اربوں روپے کے وسائل فراہم کر رہی ہے ان کا ضیاع کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا ۔

انہوں نے واضح کیا کہ ہیلتھ کونسل کے قیام سے ہسپتالوں کے مسائل میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور کوشش کی جارہی ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں بہترین طبی سہولیات باہم پہنچائی جائیں ۔ اس موقع پر سرجن ڈاکٹرعارف عظیم نے بھرپور حوصلہ افزائی پر وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پہلے سے زیادہ جذبے کیساتھ دکھی انسانیت کی خدمت کرینگے ۔

متعلقہ عنوان :