انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں ڈیوٹی دینے والے پولیو ورکرز ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں٬کمشنر کراچی

بدھ 26 اکتوبر 2016 17:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2016ء) کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے کہاہے کہ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی خصوصی ہدایت پرسرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز سمیت طبی اور غیر طبی عملے کی کمی کو جلد پورا کیا جائے گا تاکہ مریضوں کی دیکھ بھال اور انکے علاج ومعالجے کے سلسلے میں سہولیات اور معیار کو مزید بہتر بنایا جائے ان خیالات اظہار انہوںنے انسداد پولیو مہم کا جائزہ لینے کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ ایسٹ کے دورے کے موقع پر سولجر بازار میٹرنٹی ہوم کی ایم ایس ڈاکٹر رخسانہ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر ایسٹ آصف جاں صدیقی ٬ کراچی پولیو ٹاسک فورس کے کوآرڈینٹر ڈاکٹر نصرت علی ٬ ڈائریکٹر میڈیا کمشنر کراچی محمد شبیہ صدیقی سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ٬ کمشنر کراچی نے ہسپتال کے دورے کے موقع پر صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات پر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا اور انچارج ڈاکٹرسے اسکی تعریف کی ٬ انہوں نے کہا کہ اگر تمام سرکاری ہسپتالوں کی انتظامیہ صفائی ستھرائی کے انتظامات اسی طرح سے مزید بہترکریں تو عوام کو میعاری اور صاف ستھرے ماحول میں طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ٬ انہوں نے اس موقعہ پر بچوں کو پولیو سے بچاؤکے قطرے پلانے کے حوالے سے تفصیلی معلومات بھی حاصل کیں اور کہا کہ پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی حفاظتی خوراک پلانے کے ساتھ ساتھ تمام تر حفاظتی ٹیکہ جات کو بھی یقینی بنایا جائے ٬ بچے قوم کے مستقبل کے معمار ہیں جن کی حفاظت ناصرف ہماری سرکاری ڈیوٹی ہے بلکہ یہ ایک قومی فریضہ بھی ہے تاہم قومی فریضہ انجام دینے کیلئے ہمیں سچی لگن اور خلوص نیت سے اپنے فرائض انجام دینا ہونگے ۔

(جاری ہے)

کمشنر کراچی نے یوسی 12جمشید ٹاؤن ضلع شرقی کے دورے کے موقع پر پانچ سال تک کے بچوں کو گھر گھر پولیو سے بچاؤکی حفاظتی خوراک پلانے والی خاتون ورکرز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں ڈیوٹی دینے والے ورکرز کی فول پروف سیکورٹی کے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں لہذا تمام پولیو ورکرز اپنے فرائض بلا خوف وخطر انجام دیں ٬ کمشنر کراچی نے مستعدی سے فرائض انجام دینے والی خاتون پولیو ورکرکو شاباش بھی دی اورکہا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران کام کرنے والے پولیو ورکرز ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں لہذا پولیو ورکرز کی حفاظت اور انکی سہولیات کا خیال اور مشکلات دور کرنے کے حوالے سے حکومت ہرممکناً اقدامات کررہی ہے ٬ اس موقعے پر ڈپٹی کمشنر ایسٹ آصف جاں صدیقی نے انسداد پولیو مہم کے حوالے سے ضلع ایسٹ میں سیکورٹی سمیت دیگر امور کے سلسلے میں کمشنر کراچی کو تفصیلات سے آگاہ کیا ٬ کراچی پولیوٹاسک فورس کے کوآرڈینٹر ڈاکٹر نصرت علی نے کمشنر کراچی کو حالیہ جاری انسداد پولیو مہم کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پانچ سال تک کے 22لاکھ بچوں کو کراچی میں پولیو سے بچاؤکے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں 46ہزار ورکرز اپنے فرائض انجام دینے میں مصروف ہیں ٬ کمشنر کراچی نے ہدایت کی کہ کراچی میں جاری انسداد پولیو مہم کے دوران 22لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی حفاظتی خوراک پلانے کے ہدف کو صد فیصد حاصل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اور کوشیش کی جائیں تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤکے قطرے پینے سے نہ رہ جائے ۔

متعلقہ عنوان :