آل پاکستان35ویں سالانہ ختم نبوت کانفرنس (کل ) سے شروع ہو گی

بدھ 26 اکتوبر 2016 17:25

لاہور۔26 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء)آل پاکستان35ویں سالانہ ختم نبوت کانفرنس چناب نگر(کل )جمعرات سے مرکز ختم نبوت مسلم کالونی میں شروع ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیر اہتمام آج جمعرات اور کل جمعة المبارک کو مرکز ختم نبوت مسلم کالونی چناب نگر میں منعقد ہونیوالی آل پاکستان سالانہ ختم نبوت کانفرنس کے تمام تر انتظامات مکمل ہیں۔

رضا کاران ختم نبوت نے پنڈال کے اردگرد اپنی ڈیوٹیاں سنبھال رکھی ہیں۔ ملک بھر سے اسلامیان پاکستان اور کارکنان ختم نبوت کے قافلے چناب نگر پہنچ رہے ہیں۔ سیکورٹی ٬پارکنگ ٬ میڈیا گیلری٬ ٹریفک پلان٬ کنٹرول روم٬ فوڈ اینڈ واٹر سپلائی٬ فری ڈسپنسری٬ شرکاء کے لیے استقبالیہ کیمپس اور انفارمیشن سینٹر جیسے شعبوں کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے۔

(جاری ہے)

عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی ناظم اعلیٰ٬ مفکر ختم نبوت مولانا عزیز الرحمن جالندھری نے رضا کاروں سے ملاقات کی اور کانفرنس کے تمام تر انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا ۔مولانا محمد اسماعیل شجاع آبادی نے کانفرنس کے بارے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کانفرنس کی کل پانچ نشستیں ہوں گی جس کا باقاعدہ آغازآج جمعرات کی صبح10 بجے نائب امیر مرکزیہ صاحبزادہ خواجہ عزیز احمدکے افتتاحی بیان سے ہو گا۔