ڈائو یونیورسٹی میں پروفیسر شمس الدین رحمتہ اللہ کی وفات پر تعزیتی اجلاس

بدھ 26 اکتوبر 2016 16:53

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء) ڈائو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں بدھ کو ڈائو میڈیکل کالج کے سابقہ پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر شمس الدین رحمت اللہ کی وفات پر تعزیتی اجلاس منعقدہوا ۔اجلاس میں یونیورسٹی کے سینئر فیکلٹی اراکین٬ پروفیسرز٬ ڈاکٹرز٬ طالبا وطالبات اور پروفیسر ڈاکٹر شمس الدین کے لواحقین نے شرکت کی۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر مسعود حمید خان٬ ڈائو میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر جنید اشرف٬ پروفیسر خالد محمود٬ پروفیسر رئوف میمن٬ پروفیسر شفیق الرحمان نے مرحوم پروفیسر ڈاکٹر شمس الدین رحمت اللہ کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور ان کی طبی و تحقیقی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم ایک پیشہ ور محقق٬ مدبر٬ باوقار انسان تھے جن کی خدمات کو طویل عرصہ تک فراموش نہیں کیا جا سکے گا٬ مرحوم نے بطور ایک اچھے استاد اور ماہر فزیشن کے اپنی خدمات جاری رکھیں۔ مقررین نے مرحوم کی شعبہٴ طب میں اعلی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اجلاس میں یونیورسٹی کے فیکلٹی اراکین نے ان کے ساتھ گزارے ہوئے وقت کو بہت اچھے انداز میں پیش کیا اور ان کی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا۔ آخر میں اجلاس کے آخر میں شرکا نے مرحوم کی مغفرت اور بلندئ درجات کے لئے دعا و فاتحہ خوانی کی۔