پاکستان اور ترکی کے برادرانہ تعلقات اور دیرینہ مراسم سرحدوں کی قیود سے آزاد ہیں٬دونوں ممالک کے لوگ ایک دوسرے سے محبت رکھتے ہیں

پی ٹی ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر چوہدری عبدالغفور کی ترکش ائیر لائنز کے تعینات جنرل منیجر یونس مرٹ سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 26 اکتوبر 2016 16:29

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء) پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن( پی ٹی ڈی سی ) کے منیجنگ ڈائریکٹر چوہدری عبدالغفور نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے برادرانہ تعلقات اور دیرینہ مراسم سرحدوں کی قیود سے آزاد ہیں اور دونوں مسلم ممالک کے لوگ ایک دوسرے سے محبت رکھتے ہیں۔ وہ بدھ کویہاں ترکش ائیر لائنز کے پاکستان میں تعینات جنرل منیجر محترم یونس مرٹ سے ملاقات کررہے تھے۔

چوہدری عبدالغفور نے کہا کہ محمد نواز شریف کی قیادت میں حکومتِ پاکستان سیاحت کی ترقی اور پاکستان کو سیاحتی مرکز بنانے میں مسلسل کوشاںہے تاکہ دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تاثر پہنچے اور اس شعبے میں ترقی ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حسین قدرتی مناظر اور ماحولیاتی دلچسپیاں بلاشبہ جنت نظیر ہیں۔

(جاری ہے)

ضرورت اس امر کی ہے کہ اسے دنیا بھر میں اجاگر کیا جائے ملک میں امن وامان کی صورتحال میں بہتری کے باعث گزشتہ دو سالوں میں سیاحوں کی تعداد میں نمایا ں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے٬ اس لیئے ہم بردار ملک ترکی سے سیاحوں اورسرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہنے کو تیا ر ہیں۔

ایم ڈی نے جنرل منیجر کو گلگت بلتستان اور دیگر شمالی علاقہ جات کا دورہ کرنے کیلئے مدعو کیا او کہا کہ پاکستان میں زیر تکمیل پاک چین اقتصادی راہداری علاقے کا مستقبل ہے اور اس راہداری کے ساتھ سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں جن سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ترکی کے سرمایہ کار اس راہداری کے روٹ پر سرمایہ کاری کر کے بے پناہ فوائد حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے تجویز پیش کی کہ پی ٹی ڈی سی اور ترکش ائیر لائنز سیاحت کے شعبے میں باہمی تعاون کا معاہدہ کر سکتے ہیں جس کے تحت دونوں ممالک کے مابین سیاحوں کی تعداد بڑھے گی۔ پاکستان میں سیاحتی سرگرمیوں میں سپورٹس٬ ایڈونچر٬ میڈیکل اور زائرین کی طرف توجہ مرکوز ہے۔یونس مرٹ نے کہ کہ تر کش ائیر لائنز کی 116 ممالک کے 295 شہروں میں پروازیں جاری ہیں ٬پاکستانی سیاحوں کے لیئے ویزا ڈراپ باکس کی سہولت متعارف کروائی جا چکی ہے٬ ہمارا ارادہ ہے کہ پاکستان کے سیاحتی مقامات کو ترکش ائیر لائنز کے ٹورپیکجز اور ان فلائیٹ میگزین میں شامل کیا جائے اور پاکستان کی سیاحتی ٬ دستاویزی فلمیں بھی چلائی جائیں٬ ایک دوسرے کے تجربات سے سیاحت کے فروغ میں بے پناہ مدد مل سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اپنے ویزیٹنگ کارڈ بھی انہوں نے اردو میں چھپوائے ہیں کیونکہ ترک باشندے اردو سیکھنا پسند کرتے ہیں۔ انہوں نے ایم ڈی پی ٹی ڈی سی کو نومبر میں اسلام آباد میں ترکی کی جانب سے منعقد کیے جانے والے رنگوں کے میلے میں شرکت کی دعوت دی جہاں ترکی سے کئی ٹور آپریٹرز اور ٹریول ایجنٹس شرکت کریں گے۔

متعلقہ عنوان :