پاک فوج کا آپریشن ضرب عضب دہشتگردی کے عفریت ٬عمران خان کی تحریک احتساب کرپشن کے مکمل خاتمے کا سبب بنے گی‘ مسرت چیمہ

بدھ 26 اکتوبر 2016 16:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اکتوبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ دہشتگردی اور کرپشن ملک کیلئے نا سور بن چکے ہیں اور ان سے چھٹکارا حاصل کئے بغیر خوشحالی اور ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا٬پاک فوج آپریشن ضرب عضب کے ذریعے دہشتگردی کے عفریت کو ختم کرنے کیلئے دن رات ایک کئے ہوئے ہے انشا اللہ عمران خان کی قیادت میں تحریک احتساب کرپشن کے مکمل خاتمے کا سبب بنے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دو نومبر کے دھرنے کے حوالے سے خواتین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مسرت چیمہ نے کہا کہ کوئٹہ میں دہشتگردوں کے حملے میں کیڈٹس کی شہادت پر پوری قوم سوگوار ہے لیکن ایسی بزدلانہ کارروائیاں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔

(جاری ہے)

دہشگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج اور قوم کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکمران اس ملک سے دہشتگردی اور کرپشن کو ختم کرنے میں سنجیدہ نہیں جس کی واضح مثال نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر سنجیدگی سے عمل پیرا نہ ہونا ہے ۔ پانامہ لیکس میں نام آنے کے باوجود حکمران ضد اور ہٹ دھرمی پر ڈٹے ہوئے ہیں لیکن ان کے احتساب کے دن قریب آ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے موجودہ جمہوریت سے صرف حکمران خاندانوں کی دولت میں مزید ترقی ہو رہی ہے جبکہ غریب دو وقت سے ایک وقت کی روٹی پر آ گیا ہے ۔

جمہوریت میں تو حکمران جوابدہ ہوتے ہیں لیکن آج ہمارے حکمران کسی بھی ادارے کو جواب دینے کی بجائے آنکھیں دکھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم عمران خان کی قیادت میں کرپشن کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے کیونکہ اس ناسور کا جڑ سے خاتمہ پاکستان کی ترقی کی پہلی سیڑھی ہے اور اس کے بعد دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو آگے بڑھنے سے نہیں روک سکتی ۔

متعلقہ عنوان :