لوک ورثہ پاکستان کی ثقافت کو بین الاقوامی سطح پر اجاگرکرنے کیلئے مختلف پروگرام پیش کررہا ہے٬ پاکستان ٹیلی ویژن پر فوک بیٹس کے نام سے پروگرام پیش کیا جاتا ہے ‘ لوک ورثہ میںمنعقد ہونے والے پروگرام انٹرنیٹ پر براہ راست دیکھے جاسکتے ہیں٬ ایگزیکٹو ڈائریکٹر لوک ورثہ ڈاکٹر فوزیہ سعید کی اے پی پی سے گفتگو

بدھ 26 اکتوبر 2016 16:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء) ایگزیکٹو ڈائریکٹر لوک ورثہ ڈاکٹر فوزیہ سعید نے کہا ہے کہ لوک ورثہ پاکستان کی ثقافت کو بین الاقوامی سطح پر اجاگرکرنے کیلئے مختلف پروگرام پیش کررہا ہے٬ پاکستان ٹیلی ویژن پر فوک بیٹس کے نام سے پروگرام پیش کیا جاتا ہے ‘ لوک ورثہ میںمنعقد ہونے والے پروگرام انٹرنیٹ پر براو راست دیکھے جاسکتے ہیں۔

بدھ کو یہاں ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگوکرتے ہوئے ڈاکٹر فوزیہ سعید نے کہا کہ لوک ورثہ فلم کلب کے زیر اہتمام ہر ہفتہ کو ایک فلم پیش کی جاتی ہے جبکہ کرافٹ آف دی منتھ پروگرام کے تحت بچوں کیلئے خصوصی پروگرام پیش کئے جاتے ہیں۔لوک ورثہ پاکستان کے تمام علاقوں کی ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے مختلف پروگرام منعقد کرتا ہے ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے یکم نومبرکو گلگت بلتستان کے فنکار یہاں موسیقی کی دھنیں بکھیریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی پرفوک بیٹس کے نام سے میوزیکل پروگرام پیش کیا جاتا ہے جس میں عوام گہری دلچسپی ظاہر کررہے ہیں۔فلم کلب کے زیراہتمام ہر ہفتہ کو یہاں ایک شاہکار فلم پیش کی جاتی ہے٬ منڈوا فلم کلب اس سلسلے میں بھرپور کام کررہا ہے اور ایک ہفتہ یہاں پاکستان کی کلاسیکل فلم جبکہ دوسرے ہفتے بین الاقوامی شہرت یافتہ فلم پیش کی جاتی ہے۔

لوک ورثہ میوزیم کو بھی مزید بہتر بنایا جارہا ہے جبکہ یہاں موجود بک سٹالز اورمیڈیا سنٹرکی حالت بھی بہتر بنائی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ لوک ورثہ ہنر مندوں ٬ دستکاروں اورماہر آرٹسٹوں کے فن کے فروغ و ترویج کیلئے مختلف پروگرام منعقد کرتا ہے اور یہاں نوجوان آرٹسٹوں کوبھی اپنی صلاحیتوں کے اظہارکے مواقع فراہم کئے جاتے ہیں۔ کرافٹ آف دی منتھ پروگرام خاص طور پر بچوں کیلئے شروع کیا گیا ہے تاکہ وہ ہماری ختم ہوتی ہوئی دستکاریوں کے بارے میں جان سکیں۔

اس کے علاوہ یہاں نوجوانوں کا رقاص گروپ بھی تشکیل دیا گیا ہے۔ لوک میلہ یہاں کی معمول کی سرگرمیوں کا حصہ ہے جو ہر سال منعقد ہوتا ہے۔اس کے علاوہ یہاں مختلف علاقوں کی ثقافت کو اجاگرکرنے کیلئے خصوصی پروگرام منعقد ہوتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :