سول ہسپتال جیکب آباد انتظامی غفلت ٬عدم توجہ اور کرپشن کے باعث غریب مریضوں کے لیے نوگوایریا بن گیا

ادویات کی قلت٬ ایمرجنسی وارڈ میں سہولیات کا فقدان٬ الٹرساؤنڈ٬ ایکسرے اور مختلف ٹیسٹوں کی بھاری فیسیں وصول ہونے لگی

بدھ 26 اکتوبر 2016 16:05

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2016ء) سول اسپتال جیکب آباد انتظامی غفلت ٬عدم توجہ اور کرپشن کے باعث غریب مریضوں کے لیے نوگوایریا بن گیا٬ ادویات کی قلت٬ ایمرجنسی وارڈ میں سہولیات کا فقدان٬ الٹرساؤنڈ٬ ایکسرے اور مختلف ٹیسٹوں کی بھاری فیسیں وصول ہونے لگی ٬اسپتال میں صفائی کی صورتحال ابتر٬ غریب لوگ پریشان۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی سول اسپتال انتظامیہ کی غفلت ٬ عدم توجہ اور کرپشن کے باعث غریب مریضوں کے لیے بے فائدہ بن چکی ہے٬سول اسپتال میں آنے والے مریضوں کو سرنج تک باہر سے لے کر آنی پڑتی ہے جبکہ حکومت کی جانب سے ملنے والی ادویات پرائیوٹ میڈیکل اسٹوروں پر فروخت کرنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں جبکہ اسپتال میں آنے والے مریضوں کو ڈاکٹر پرائیوٹ میڈیکل اسٹور سے ادویات خریدنے کے لیے پرچہ لکھ کر دینے میں مصروف ہیں٬ سندھ حکومت سمیت ڈبلیو ایچ او سمیت دیگر اداروں کی جانب سے سول اسپتال کو مریضوں کے لیے ادویات فراہم کی جاتی ہے مگر اسپتال انتظامیہ وہ ادویات غریب مریضوں کو نہیں دے رہی جس کے باعث مریض سخت پریشانی کا شکار ہیں٬ سول اسپتال کا ایمرجنسی وارڈ بھی ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کے لیے بے سود ثابت ہورہا ہے ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کو بھی پرائیوٹ میڈیکل اسٹور سے ادویات خریدنے پر مجبور کیا جاتا ہے جبکہ ایمرجنسی وارڈ کے لیے مختص کئے گئے لاکھوں کے فنڈزہڑپ کردئیے جاتے ہیں٬ علاوہ ازیں سول اسپتال میں الٹر ساؤنڈ٬ ایکسرے سمیت دیگر خون کے ٹیسٹوں پر بھی بھاری فیس وصول کی جاتی ہے ٬ سرکاری اسپتال میں فیس وصول کرنے والے عملہ کے خلاف کوئی کاروائی کرنے کو تیار نہیں ہے٬ معلوم ہوا ہے کہ مختلف ٹیسٹوں کے لیے وصول کی جانے والی ناجائز فیس میں سول سرجن سمیت دیگر کئی اہم افسران کو حصہ دیا جاتا ہے اس لیے اسپتال میں سرعام رشوت کا بازار گرم ہے٬ سول اسپتال میں صفائی کی صورتحال بھی انتہائی خراب ہے وارڈز میں گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جس کے باعث مریض ٹھیک ہونے کے بجائے مزید بیمار ہورہے ہیں٬سول اسپتال میں کرپشن ٬رشوت ستانی کا بازار گرم ہونے اور مریضوں کے لیے سہولیات کے فقدان کا حکومت سندھ کی جانب سے کئی بار نوٹس لینے کے باوجود کوئی اقدامات نہیں کئے گئے٬صوبائی وزیر صحت نے کئی بار سول اسپتال جیکب آبادکی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ انکوائری کے لیے ٹیم بھی مقرر کی تھی مگر تاحال اسپتال میں مریضوں کے لیے کوئی بہتری نہیں لائی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :